’روزنامہ پاکستان‘ کے ویب سائٹ ایڈیشن پر امام مسجد اقصیٰ کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی تصحیح

’روزنامہ پاکستان‘ کے ویب سائٹ ایڈیشن پر امام مسجد اقصیٰ کے حوالے سے شائع ...
’روزنامہ پاکستان‘ کے ویب سائٹ ایڈیشن پر امام مسجد اقصیٰ کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی تصحیح

  



قبلہ اول مسجد الاقصیٰ کے امام شیخ عمر فہمی عبداللہ عوض اللہ الکسوانی سے متعلق ”روزنامہ پاکستان“ کے ویب سائٹ ایڈیشن پر شائع ہونے والی اس خبر میں جزوی طور پر صداقت ہے کہ شیخ عمر الکسوانی مسجد الاقصیٰ کے ڈائریکٹر ہیں، لیکن خبر میں شائع شدہ یہ جملہ درست نہیں کہ شیخ عمر مسجد الاقصیٰ کے امام نہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ شیخ عمر فہمی عوض اللہ الکسوانی مسجد الاقصیٰ کے ڈائریکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ مسجد کے امام بھی ہیں۔

وہ گزشتہ دنوں ”المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل“ کی دعوت پر پاکستان کے دورہ پر تشریف لائے تھے جہاں انہوں نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں منعقدہ مختلف تقریبات میں بھی شرکت کی، اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور پاکستان اور پنجاب کی وزارت مذہبی امور نے لاہور میں ان کی میزبانی بھی کی تھی یقینا وزارت مذہبی امور نے محکمانہ سطح پر امام الاقصیٰ کے متعلق تصدیق کے بعد ہی ان کی میزبانی کی جبکہ ”المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ“ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے چند ہفتے قبل بعض صحافیوں کے ہمراہ فلسطین کے دورے کے دوران شیخ عمر الکسوانی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی اور مسجد اقصیٰ میں شیخ عمر کی امامت میں نماز جمعہ سمیت دیگر نمازیں بھی ادا کی تھیں۔

علاوہ ازیں شیخ عمر الکسوانی ایک انتہائی پڑھے لکھے اور مسجد اقصیٰ کے ایک کلیدی عہدے پر فائز ذمہ دار اور قابل قدر دینی شخصیت ہیں ادارے کی سہواً ہونے والی مذکورہ خبر سے شیخ عمر الکسوانی یا اُن کے اس دورے سے منسلک دیگر افراد کی دل آزاری پر ادارہ معذرت خواہ ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور