نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کی خبر ملی تو آسٹریلیا میں کیا ہوا اور پھر انہوں نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اہم انکشاف کر دیا

نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کی خبر ملی تو آسٹریلیا میں کیا ہوا اور پھر انہوں نے ...
نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کی خبر ملی تو آسٹریلیا میں کیا ہوا اور پھر انہوں نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اہم انکشاف کر دیا

  



سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ نے وارم اپ میچوں میں ایسی دھاک بٹھائی ہے کہ کرکٹ حلقوں میں زبان زد عام ہو گئے ہیں۔

پاکستانی قوم کے دل میں ان کی عزت اس وقت اور بھی بڑھ گئی جب والدہ کے انتقال کے باوجود انہوں نے ناصرف آسٹریلیا میں رہنے کا فیصلہ کیا بلکہ اگلے ہی روز وارم اپ میچ میں ایسی شاندار باﺅلنگ کی کہ دنیا کے بڑے بڑے بلے باز چوکنا ہو گئے اور اب سب انہیں آسٹریلیا کیخلاف ایکشن میں دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے نسیم شاہ کی پاکستان واپس نہ آنے کے فیصلے سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسیم شاہ کو مکمل اختیار دیا گیا کہ وہ واپس جانے کیلئے پوری طرح آزاد ہیں تاہم انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ مشاورت کے بعد نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ ”نسیم شاہ نے اہل خانہ سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ آج تم اسی مقام پر ہو جہاں تمہاری والدہ تمہیں دیکھنا چاہتی تھیں۔ قومی سکواڈ کا ہر شخص نسیم شاہ کے پاس تھا اور اس پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے کہ ٹھیک ہے۔“

وسیم خان نے بتایا کہ ”ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے انہیں حو صلہ دیتے ہوئے یہ کہا کہ اگر وہ یہاں ٹھیک محسوس نہیں کر رہے اور واپس جانا چاہتے ہیں تو بلاجھجھک چلے جائیں لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم رہنا چاہتے تھے۔“

مزید : کھیل