میاں نواز شریف کی لندن روانگی خوش آئند ، دُعا ہے جلد وطن واپس آئیں: پیر اعجاز ہاشمی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیرا عجاز احمد ہاشمی نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی لندن روانگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دُعا کی ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں،اپنی پارٹی کی قیادت سنبھالیں اور عوام کی خدمت کریں،حکومتی حلقوں کی طرف سے اُن کے وطن واپس نہ آنے کی قیاس آرائیاں اوردعوی خلفشار کے علاوہ کچھ نہیں۔
تفصیلات کہ مطابق پیرا عجاز احمد ہاشمی کا کہناتھا کہ سابق وزیر اعظم کی صحت کے ایشوز اللہ تعالی کے کرم سے جب بھی حل ہوں گے تو وہ یقینا واپس آجائیں گے،جب سے نواز شریف نے پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کی بات کی،اُس کے بعد سے ہی ان کی مشکلات میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور یہ بھی حقیقت ہے کہ نواز شریف کوئی پہلے وزیراعظم نہیں ہے جنہیں اِن مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے،اِس سے پہلے ذوالفقار علی بھٹو، آصف زرداری،یوسف گیلانی کو بھی اِنہیں مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جو بھی سچ بات کی بات کرے گا، اسے مشکل حالات کا سامنا توکرنا پڑے گا۔اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پوری زندگی کی سرمایہ کاری سیاست اور مسلم لیگ نون ہے،ہم نہیں سمجھتے کہ وہ اپنی اِس سرمایہ کاری سے پیچھے ہٹیں گے،اگر واپس نہیں آئیں گے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنی سیاست سے دستبردار ہو گئے ہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ وہ ایسا کریں گے۔