انجینئرنگ یونیورسٹی کانووکیشن، پاکستان کا مستقبل روشن،یو ای ٹی کے انجینئرز پاکستان کانام دنیا بھر میں روشن کریں گے:گورنر پنجاب

انجینئرنگ یونیورسٹی کانووکیشن، پاکستان کا مستقبل روشن،یو ای ٹی کے انجینئرز ...
 انجینئرنگ یونیورسٹی کانووکیشن، پاکستان کا مستقبل روشن،یو ای ٹی کے انجینئرز پاکستان کانام دنیا بھر میں روشن کریں گے:گورنر پنجاب

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے 26واں کانووکیشن میں 2232 گریجوایٹس،24پی ایچ ڈیز جبکہ 66طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل تقسیم کر دئیے گئے،یو ای ٹی آڈیٹوریم میں منعقدہ کانووکیشن کی صدارت گورنر پنجاب و چانسلر چوہدری محمد سرور نے کی۔وائس چانسلرڈاکٹر منصور سرور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں اُنہوں نے یونیورسٹی کی تدریسی اور تحقیقی میدان میں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی اور اَہداف بیان کئے۔گورنر پنجاب و چانسلر چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،اس لئے کہ ہمارے پاس ستاروں پرکمند ڈالنے والے نوجوان موجود ہیں۔اُنہوں نے یو نیورسٹی کے معیار کو سراہا اور اسے ایشیاکی بہترین یونیورسٹی کا اعزازملنے پرموجودہ وائس چانسلرڈاکٹر منصور سرور اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد کومبارک باد پیش کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مودی کی پھیلائی گئی انتہا پسندی سے بھارت پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا ہے کشمیر،فلسطین سمیت جہاں بھی مسلمانوں پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں یہ ہماری نا اتفاقیوں کا ہی نتیجہ ہے،ہمیں اسوہ رسول ﷺ اور صحابہؓ کرام کے نقش قدم پر چلنا ہو گاتب ہی ہماری مشکلات دور ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کے گریجوایٹس انجینئر پاکستان کا اثاثہ ہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار نمایاں ہے۔انہوں نے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب آپ کے والدین اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے ہمیشہ والدین کا احترام کریں۔گورنر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ہم گرین اور صحت مند پاکستان بنائیں گے،پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی ہمارا مشن ہے،اس سلسلے میں ہمیں یونیورسٹی کی سطح پر تعاون درکار ہے کہ یونیورسٹیوں کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کو صاف پانی فراہم کریں،میری خواہش ہے کہ ہر یونیورسٹی میں بزنس سنٹرہو اور وہاں کے طلباء نئے آئیڈیاز کے ساتھ آئیں،وہ وقت دور نہیں جب پڑھے لکھے نوجوان باعزت روزگار حاصل کریں گے،اعلیٰ تعلیم یافتہ اقوام ہی دنیا میں نام پیدا کرتی ہیں امید ہے کہ یو ای ٹی کے انجینئرز پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کریں گے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹرمنصورسرورنے گریجوایٹس طلباء و طالبات کو ڈگری ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ ملک و قوم کا اثاثہ ہیں، آپکاہر قدم عملی زندگی میں کامیابی کی ضمانت تب بنے گا جب آپ اپنے اوپر اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام لازم کریں گے کیونکہ یہی وہ عظیم ہستیاں ہیں جن کی بدولت آپ اِس مقام پر ہیں۔اُنہوں نےکہا کہ آزادی کی نعمت کی قدر کرنی چاہیے،دنیا میں سب سے زیادہ اقلیتیں پاکستان میں محفوظ ہیں،لیمپرو میلن کی طرف سے یو ای ٹی کے گریجوایٹس کو66ملین سکالرشپ حوصلہ افزا اقدام ہے،اس سے طلباء چین،ساؤتھ کوریا اور پاکستان میں روزگار حاصل کر سکیں گے، یو ای ٹی کے 17گریجوایٹس لیمپرومیلن کی 23ملین روپے کی تربیت مفت حاصل کرکے اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔وائس چانسلر نے بتایا کہ انہوں نے جامعہ میں 60ملین کی رقم کے ساتھ پنشن فنڈ کی بنیاد رکھی گئی، اس کے علاوہ ضرورت مند طلباء کیلئے سکالرشپ کی مد میں فنڈ ریزنگ کی جا ئے گی۔وائس چانسلر نے بتایا کہ اس سال انڈر گریجوایٹ انرولمنٹ میں 4.2%اورگریجوایٹس کی انرولمنٹ میں 88.7%اضافہ ہوا ہے جبکہ ریسرچ پبلیکیشنز میں 27.4%اور امپیکٹ فیکٹرریسرچ پبلیکیشنز میں 36.3%اور مسابقی ریسرچ گرانٹ کے ذریعے ریسرچ فنڈنگ میں 304%اضافہ ہوا ہے۔

کانووکیشن میں لیمپرومیلن کی جانب سے گولڈ میڈلسٹ کو 50ہزار کیش پرائز،سرٹیفکیٹ،اعزازی شیلڈ اورلیمپرو میلن میں تربیت کیلئے فاسٹ ٹریک انٹری سے بھی نوازا گیا۔اس عظیم منصوبے پر لیمپرومیلن کی سی ای او صباحت رفیق کا انہوں نے خصوصی شکریہ اداکیا۔ کانو کیشن میں مجموعی طور پر 66طلبہ کو سونے کے تمغوں سے نوازا گیا جبکہ 2256کامیاب طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئی جن میں بی ایس سی کے1662، ایم ایس اور ایم فل کے475،ایم ایس سی کے 95اورپی ایچ ڈی کے24 طلبہ وطالبات شامل ہیں۔ اسناد حاصل کرنے والوں میں یو ای ٹی لاہور کے1683،یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شاہ کاکو کے226،یو ای ٹی فیصل آباد کے 159طلباء و طالبات شامل ہیں۔اسی طرح رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گوجرانوالہ میں 85،جبکہ یو ای ٹی نارووال کیمپس کے 103طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر جامعہ کے ارکان سینڈیکیٹ،غیر ملکی وفود اور ڈینز،رجسٹرار محمد آصف اور کنٹرولر امتحانات ضرغام نصرت،ٹریژررحسن منیر،سابق وی سی جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر خلیق الرحمٰن اورانجینئر اعجاز احمد چوہدری (صدرپی ٹی آئی پنجاب)سمیت مختلف تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان بھی شریک تھے۔کانووکیشن میں شریک ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے والدین اپنے بچوں کے انجینئر ز بننے پر شاداں نظر آئے۔کانووکیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے گورنرچوہدری محمد سرور،چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد اور چیئرمین پی ای سی انجینئر جاوید سلیم قریشی کو یادگاری شیلڈ دیں۔اختتامی لمحات میں بچوں نے اپنے گاؤنز کی ٹوپیاں ہوا میں لہرا کر خوشی کا اظہار کیا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور