چودھری پرویز الہٰی نے وزیر اعظم اور وزراءکو یاد دلایاہے کہ ایک حد میں رہیں، سلیم صافی کادعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ چودھری پرویز الہٰی کا یہ بات کرنے کا مقصد کہ جنرل شجاع پاشا نے ق لیگ کے لوگوں کوتحریک انصاف میں بھیجا تھا وزیر اعظم اور وزراءکویہ یاد دلانا تھا کہ وہ ایک خاص حد میں رہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ان کے ساتھ بیک ڈور رابطے جاری ہیں جس کی تصدیق چودھری پرویز الہٰی نے بھی کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آثار بتارہے ہیںکہ مولانا فضل الرحمان کا اعتماد اور چودھری پرویز الہٰی کے دعوے میں وزن ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی اورق لیگ نے ماضی میں بھی اس طرح کا کردار ادا کیاہے ،پرویز الہٰی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے پاس آجا نہیں رہے تھے بلکہ وہ حکومتی کمیٹی سے ناراض ہوکر لاہور جاکر بیٹھ گئے تھے ۔
سلیم صافی کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی نے جوکردار اداکیا ہے اور اب جوکررہے ہیں اس سے وہ اپنی ماضی والی پوزیشن برقرار کرنا چاہ رہے ہیں۔چودھری پرویز الہٰی کا یہ بات کرنے کا مقصد کہ جنرل احمد شجاع پاشا نے ق لیگ کے لوگوں کوتحریک انصاف میں بھیجا تھا، وزیر اعظم اور وزراءکویہ یاد دلانا تھا کہ وہ ایک خاص حد میں رہیں۔