ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سےساؤتھ انڈین اداکارہ پونم کور کی ملاقات
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائےاطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سےنامورساؤتھ انڈین اداکارہ پونم کورنے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستان سے خوبصورت یادیں لے کر واپس جا رہی ہوں۔
تفصیلات کےمطابق ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان سےمعروف ساؤتھ انڈین اداکارہ پونم کورنےملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نےکہاکہ کرتار پور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی عظیم اور روشن مثال ہے،وزیراعظم عمران خان نےراہداری کی صورت محبت کابیج بویاہے،ہم دنیابھر سےآئےہوئےمہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،سکھ برادری کے مذہبی جذبات کاہمیں تہہ دل سے احترام ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہناتھا کہ باباگرونانک دیو جی نے انسانیت اور رواداری کا درس دیا،پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے،آئین پاکستان اقلیتوں کےحقوق کےتحفظ کاضامن ہے۔فردوس عاشق اعوان نے پونم کورکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنے پر کھلے دل سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں آپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ادکارہ پونم کور نے کہاکہ پاکستان آکر بے حد خوشی محسوس ہوئی ، پاکستان سے خوبصورت یادیں لے کر واپس جارہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان ، نوجوت سدھو،دونوں ممالک کی حکومتوں اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتی ہوں جس نے کرتا پور راہداری کھولنے میں اپنا کردار ادا کیا۔