پی ٹی آئی سعودی عرب کے ارکان اتحاد، محبت و یگانگت کا مظاہرہ کریں: شہباز چوہدری

پی ٹی آئی سعودی عرب کے ارکان اتحاد، محبت و یگانگت کا مظاہرہ کریں: شہباز چوہدری
پی ٹی آئی سعودی عرب کے ارکان اتحاد، محبت و یگانگت کا مظاہرہ کریں: شہباز چوہدری

  

جدہ(محمد اکرم اسد) سابق وفاقی وزیر شہباز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سعودی عرب کے ارکان اپنی صفوں میں اتحاد، محبت و یگانگت کا مظاہرہ کریں اور آپسی اختلافات ختم کر کے ایک پلیٹ فارم سے وزیر اعظم کی پالیسیوں اور ان کی پاکستان کو “مدینہ ریاست” بنانے میں انکی معاونت کریں تاکہ پاکستان معاشی طور پر ایک مضبوط اور خوشحال ملک بن سکے، وہ یہاں پی ٹی آئی کے مختلف دھروں کے درمیان اختلافات کے خاتمہ اور ان کو ایک پلیٹ فارم سے اپنی سیاسی جدوجہد کرنے کے سلسلہ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کوآرڈینیٹر و پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ کے سنئیر نائب صدر حاجی افضل مبشر چیمہ کی طرف سے اسپنزر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پی ٹی آئی سعودی عرب کے صدر عقیل آرائیں، پی ٹی آئی جدہ کے صدر قیصر جاوید قریشی، پی ٹی آئی ٹائیگر فورس کے صدر انجم ورائچ، اکرم سندھو کے علاوہ بڑی تعداد میں عہیدیداروں اور اراکین نے شرکت کی۔

 شہباز چوہدری نے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کے آپکے یہاں کے اختلافات نہ صرف آپکو بلکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کو بھی کمزور کریں گے اور اس طرح آپ اپنے سیاسی مخالفین کو آگے بڑھنے کا موقع دینگے جو نہیں ہونا چاہئیے اس لیے آپ سب اپنی ذاتی اناء اور پسند نا پسند کو ایک طرف رکھتے ہوئے نہ صرف پارٹی کو تقویت دیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان کے بھی ہاتھ مضبوط کریں آپس میں اتحاد ہی وقت کا تقاضہ ہے جبکہ آپ سب کا کام کمیونٹی کے مسائل کے حل اور کارکنوں کو پارٹی میں عزت دلانے کے لئے ہونا چاہئے۔

اس سے پہلے حاجی افضل مبشر چیمہ نے سب گروپوں کو ایک پلیٹ فارم پر انکی دعوت پر آنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپس کے اختلافات جہاں پارٹی کارکنوں میں ناپسندیدگی کو جنم دیتے ہیں وہیں پارٹی کو کمزور کرتے ہیں اس لئے آپسی اختلافات ختم کر کے اکھٹے چلیں اور تحریک کو مضبوط بنائیں، اختلافات چناؤ کے وقت ہوتے ہیں جب یہ سلسلہ ختم ہو جائے تو پھر سب پارٹی پرچم کے نیچے مل کر چلتے ہیں اس لئے آج ہی سے یہ کام شروع کر دیں اور جب چناؤ کا وقت آئے تو پھر ساتھیوں کو اپنی پارٹی میں کارکردگی کی بنیاد پر اپنا ہمنوا بنائیں۔

عقیل آرائیں ، قیصر جاوید قریشی، انجم وڑائچ اور دوسرے عہیدیداروں نے اپنے اپنے خطاب میں اتحاد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حاجی افضل مبشر چیمہ کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مل بیٹھ کر چلنے کو تیار ہیں جو بھی گِلے شکوے اور ناراضگیاں ہیں ان کو ہم مل بیٹھ کر حل کرنے کو تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی کارکنوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جلد اچھی خبریں آئیں گی۔ بعد ازاں پر تکلف عشائیہ دیا گیا، یاد رہے کہ یہاں تحریک انصاف کئی گروپوں میں بٹی ہوئی ہے اور ایک دوسروں کے پروگراموں میں بھی جانے سے کتراتے ہیں جبکہ اس پر اسلام آباد میں مرکزی تنظیم بالکل خاموش ہے۔

مزید :

تارکین پاکستان -