”ہفتہ  شانِ رحمت اللعالمین  ؐ“  کا آغاز!

”ہفتہ  شانِ رحمت اللعالمین  ؐ“  کا آغاز!

  

ختم المرسلین خاتم النبین محمد مصطفےٰ، احمد ِ مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مبارک باعث ِ رحمت و برکت ہے۔عالم انسانیت کے لئے حضورؐ  کی ذاتِ اقدس مکرم و محترم  ہے۔ ہم مسلمان آپؐ کی حرمت و تقدس پر جان نچھاور کرنے کے لئے ہر دم تیار رہتے ہیں۔حال ہی میں پھر ناپاک جسارت ہوئی۔ فرانس میں قابل ِ اعتراض خاکے شائع کئے گئے،فرانس کے صدر نے بھی آزادی اظہار کے نام پر اس جرم عظیم کو جواز دینے کی کوشش کی، اس پر ساری دُنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔پاکستان میں اس ناپاک جسارت کا جواب اِس بار عیدمیلادالنبیؐ زیادہ پُرجوش اور عقیدت سے منا کر دیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ”ہفتہ  شانِ رحمت اللعالمین  ؐ“ منانے کا فیصلہ کیا،جس کا آغاز پیر کوہوا،وزیراعلیٰ کی قیادت میں واک ہوئی اور پھر نعتیہ مشاعرہ ہوا۔یہ ہفتہ بھرپور انداز سے منانے اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بھرپور پروگرام مرتب کیا گیا ہے، سیمینار، مشاعرے،تقریری مقابلے، محافل ِ میلادؐ اور دیگر تقریبات ہو رہی ہیں۔یہ سب پورے پنجاب میں کرائی جا رہی ہیں۔یہ ایک مستحسن اقدام ہے، ہم مسلمان اپنے رسول اکرمؐ پر ہر دم، ہر وقت اپنی جانیں نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں اور آپؐ کی اطاعت اور پیروی ہم پر لازم ہے۔

مزید :

رائے -اداریہ -