سردی کی شدت میں اضافہ،لنڈا بازار میں گرم کپڑے مہنگے،غریب افراد ٹھٹھرنے پر مجبور

سردی کی شدت میں اضافہ،لنڈا بازار میں گرم کپڑے مہنگے،غریب افراد ٹھٹھرنے پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور(افضل افتخار، تصاویر ندیم احمد)صوبائی دارلحکومت میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی عوام کی بڑی تعداد نے گرم کپڑوں کی خریداری کیلئے شہر کے لنڈا بازار کارخ کرلیا جہاں پر کپڑو ں کے مہنگے دام سن کر عوام پریشانی کاشکار ہوگئے،ماضی کی نسبت قیمتوں میں 100فیصد اضافہ نے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیااور ”پاکستان“سروے میں حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔ اس حوالے سے خریداری کے لئے آئے ندیم،شبیر،بابر،حامد، عامر، زید، عبید، آصف، نبیل، زبیر اور اسد نے کہا کہ ملک میں ہر چیز ہی مہنگی ہے اور حکومت اس حوالے سے ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے لنڈا واحد ایسا بازار تھا جہاں پر ہم مہنگائی میں بھی خریداری کرسکتے تھے مگر اب یہ بھی ممکن نہیں رہا۔پچھلے سال جس جیکٹ کی قیمت یہاں پر دو سو روپے تھی اس وقت وہ پانچ سو روپے میں فروخت کررہے ہیں اب ہم غریب لوگ کہاں پر جائیں یہاں پر بھی اب بس امیر لوگ ہی خریداری کرسکتے ہیں۔فضل، مامو ن،امجد، بھٹی رسول،زاہد، وقار،عادل، شر جیل، عابد، حسینن اور علی حسن نے کہاکہ ہم تو یہاں پر کپڑوں کی قیمتیں سن کر حیران ہوگئے ہیں، یہاں پر بھی کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ہر دکاندار اپنی مرضی سے منہ مانگی قیمتیں وصول کررہا ہے اور انتظامیہ ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے، ہم وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غریبوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں۔ ثمنیہ، زاہدہ، خولہ،سحرش، پروین، نبیلہ، صا ئمہ، حمیرا، ساجدہ، امینہ اور کرن نے کہا کہ ہم بچوں کے کپڑے لینے کیلئے یہاں پر بہت دور سے کرایہ خرچ کرکے آئے ہیں اب ہمیں افسوس ہورہا ہے کہ ہم کیوں آئے یہاں پر تو قیمت بہت زیادہ ہے۔