ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کرینگے:چیف سیکرٹری

  ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کرینگے:چیف سیکرٹری

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ذخیرہ اندوزوں اور نا جائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔حکومتی اقدامات کے باعث اوپن مارکیٹ میں آٹا اور چینی وافر داستیاب ہیں اورکم قیمت پر چینی کی فراہمی سے عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔ چینی کی ارزاں نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کیلئے اضلاع کو درآمد شدہ چینی انکی ڈیمانڈ کے مطابق فراہم کی جا رہی ہے۔یہ بات انہوں نے پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا اور چینی کی قیمتوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کین کمشنر پنجاب سے شوگر ملز میں کرشنگ کے آغاز اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔سیکرٹری صنعت نے اجلا س کو بریفنگ میں بتا یا کہ اب تک 26ہزار میٹرک ٹن درآمد شدہ چینی اضلاع میں پہنچ چکی ہے۔ جس میں سے ساڑھے 24ہزار میٹرک ٹن اوپن مارکیٹ اور1374میٹرک ٹن سہولت بازاروں میں فروخت ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فورکاسٹنگ کمیٹی کے سروے کے مطابق پنجاب میں ٹماٹر، پیاز اور آلو کی رسد نومبر کے آخر میں بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 361سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ بشمول آٹا اور چینی رعائتی نرخوں پر دستیاب ہیں اورگزشتہ روز دولاکھ62ہزار افراد نے سہولت بازاروں سے استفادہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ صوبے میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈا?ن کے دوران465 افراد کو گرفتار، 451 مقدمات کا اندراج اوردو کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، خوراک اور زراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور، سی ای او اربن یونٹ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -