22نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب بنائیں گے، الحاج ملک طارق اعوان

  22نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب بنائیں گے، الحاج ملک طارق اعوان

  

پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ممبر کونسل و مرکزی ورکنگ کمیٹی کے ممبر اور صدارتی نیشنل پیس ایوارڈ یافتہ الحاج ملک طارق اعوان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان 22نومبر2020کو پشاور میں منعقدہ پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ایس ایف ضلع پشاور کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پی ایس ایف ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر انور کمال،پی ایس ایف ڈسٹرکٹ پشاور کے چئرمین لقمان خان، سابقہ ڈسٹرکٹ صدرطارق سلطان، ارباب بخشو، وقاص پختون یار اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر ملک میں جاری کمرتوڑمہنگائی کے خلاف شاہی باغ جمخانہ کرکٹ کلب سے گورنمنٹ کالج چوک تک الحاج ملک طارق اعوان کی قیادت میں ایک امن ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس میں موجودہ حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر الحاج ملک طارق اعوان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے تبدیلی کے جھوٹے نعرے لگائے اوران کی غلط پالیسوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا ہے جس کی وجہ سے عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی  اناج اور دیگرروزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے جس پر حکومت کا کوئی کنڑول نہیں ہے جبکہ دوسری طرف بے روزگاری کی شرح میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔موجودہ حکومت کے پاس مہنگائی کے خاتمے کے لیے کوئی پلان نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی طرف گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد اس ملک کی غریب عوام کے لیے ہے اور پی ڈی ایم اتحاد میں شامل تمام پارٹیاں موجودہ سیاسی نابالغ حکومت کو واپس بنی گالہ پہنچا کر ہی دم لیں گی۔ریلی کے اختتام پرملک طارق اعوان نے ملک و قوم کی سلامتی و خوشحال اور موجودہ حکومت سے جلد از جلدنجات کے لیے دعا کی اور باچا خان بابا، ولی خان بابا، بشیر بلور شہید، ہارون بلور شہید، ذوالفقارعلی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، مفتی محمود اور دیگر کے لیے دعائے مغفرت کی اور ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا

مزید :

پشاورصفحہ آخر -