کے پی حکومت اور پی ڈی ایم میں مذاکرات ناکام،اپوزیشن ارکان کا ملاقات سے صاف انکار
پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت اورپی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے مذاکرات نہ ہوسکے،اپوزیشن اراکین نے ملنے سے صاف انکارکردیا ہے۔خیبرپختونخواحکومت نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت کی خاطر ہم جلسوں کی اجازت نہیں دیں گے،ہم انہیں زبردستی روکیں بھی نہیں لیکن کیسز زیادہ ہونے پر کارروائی کریں گے،کل پی ڈی ایم کے تمام پارلیمانی رہنماوں سے بات ہوئی تھی آج مذاکرات سے انکار کردیا اورآنا بھی گوارہ نہ کیا۔ پی ڈی ایم سے مذاکراتی کمیٹی میں شامل صوبائی وزراء شوکت یوسفزئی،تیمور سلیم جھگڑا اورکامران بنگش نے مشترکہ پریس کانفرنس کی،شوکت یوسفزئی کاکہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے،پی ڈی ایم سے جلسہ منسوخ کرانے کا کہا تھا،کل پی ڈی ایم کے تمام پارلیمانی رہنماوں سے بات ہوئی تھی آج پتہ چلا کہ مذاکرات سے انکار کردیا، شوکت یوسفزئی کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے روایات کی دھجیاں اڑا دیں، مذاکرات کے لئے آنا بھی گوارہ نہ کیا، پی ڈی ایم کو عوام کی نہیں اپنی فکر پڑی ہے جلسے کرکے پی ڈی ایم ثابت کیا کرنا چاہتے ہیں، عوام کی صحت کی خاطر ہم جلسوں کی اجازت نہیں دیں گے، ہم انہیں زبردستی روکیں بھی نہیں لیکن کیسز زیادہ ہونے پر کارروائی کریں گے۔
مذاکرات ناکام