نواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

نواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ (آج) جمعرات کو کیس کی سماعت کریں گے۔ہائی کورٹ میں پیمراکی جانب سے نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر دکھانے پر پابندی کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔ہیومن رائٹس کمیشن، پی ایف یو جے اور دیگر معروف صحافیوں کی جانب سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکریٹری اطلاعات اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں پیمرا کے نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر نہ دکھانے کے یکم اکتوبر کے حکم نامے کو چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست گزاروں نے کہا کہ پیمرا کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا پر غیر آئینی و غیر قانونی قدغن لگائی گئی ہے، یہ احکامات آئین کے آرٹیکل 19اے سے متصادم ہیں جو شہریوں کو آزادی اظہار رائے اور معلومات کی فراہمی کا حق فراہم کرتا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیمرا کا یکم اکتوبر کا حکم نامہ غیر قانونی قرار دے اور قریقین کو آئندہ اس قسم کے احکامات جاری کرنے سے ہمیشہ کیلئے روکے۔

نوازشریف کی تقریر

مزید :

صفحہ اول -