عمران خان صاحب!آپکی نالائقی،نا اہلی اور چوری نے پاکستان کو افریقہ بنا دیا:مریم اورنگزیب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں عمران صاحب جن تاجروں سے خطاب کر رہے تھے ان کا معاشی قتل کر چکے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے فیصل آباد میں تاجروں سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب جن تاجروں سے خطاب کر رہے تھے ان کا معاشی قتل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زبردستی سرکاری تقریب میں لایا جا سکتا ہے لیکن نعروں سے ان کی معاشی ترقی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت نواز شریف کی قیادت میں خطے میں تمام ملکوں سے آگے جا رہی تھی اور پھر آپ کی کرپشن،نالائقی ونااہلی کے سیاہ بادل چھا گئے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی مہنگائی، تاریخی قرض، تاریخی نااہلی، تاریخی چوری آپ کی جھوٹی سیاست کی سیاہ تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فیصل آباد کے تاجر سب جانتے ہیں، آپ کے اعلان ایک کروڑ نوکریوں اور ایک لاکھ گھروں والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تاجرجانتے ہیں کہ آپ کے اعلان انڈے، کٹوں، بھینسوں اور مرغیوں سے معیشت ٹھیک کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ کی نالائقی، نااہلی اور چوری نے پاکستان کو افریقہ بنا دیا ہے، فیصل آباد کے لوگ یہ جانتے ہیں۔
مریم اورنگزیب