ایڈیشنل آئی جی کا پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ‘ مختلف برانچز کا معائنہ

 ایڈیشنل آئی جی کا پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ‘ مختلف برانچز کا معائنہ

  

 ملتان (وقا ئع نگار) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان(ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ پولیس کے عوام میں روایتی سخت گیر تاثر کو زائل کرنے کیلئے پولیس اہکاروں کی جسمانی تربیت کے ساتھ ذہنی و اخلاقی تربیت بھی ناگزیر ہے۔ پولیس فورس میں شامل ہونے والے جوان  وردی کو طاقت اور اختیار کی علامت سمجھنے کے بجائے ذمہ داری سمجھیں کیونکہ(بقیہ نمبر35صفحہ 6پر)

 پولیس جوانوں نے امن و امان کے قیام کی جنگ میں  لازوال قربانیاں دیکر محکمے کا نام روشن کیا ہے تاہم عوام کو فورس سے بہت امیدیں وابستہ ہیں صرف انصاف کی تیز تر فراہمی کے ذریعے ہی عوام کا دل جیتا جاسکتا ہے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر جدید پولیسنگ کے تقاضوں کے مطابق جوانوں کو تربیت فراہم کررہا ہے تاکہ فیلڈ میں انکی کارکردگی نکھر کر سامنے آسکے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کی ٹریننگ کالج آمد پر چاک و چوبند پولیس دستے نے  شاندار سلامی پیش کی۔اس موقع پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج گوہر مشتاق بھٹہ نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کا استقبال کیا جبکہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد منصور بھی اس موقع پر موجود تھے۔قبل ازیں کیپٹن ر ظفر اقبال نے ٹریننگ کالج کے مخلتف ٹاور کلاس رومز کا معائنہ بھی  کیا.ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے  ٹریننگ کالج کے روٹی پلانٹ،کانفرس ہال سمیت مختلف برانچز کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے فورس میں شامل ہونے والے جوانوں  کی جسمانی تربیت کے ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور انکو میڈیا و پبلک ڈیلنگ بھی سکھائی جارہی ہے۔کیپٹن ر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کالج کا درجہ ملنے کے بعد اس ادارے میں خالی آسامیوں پر جلد بھرتی کرکے سٹاف کی کارکردگی بڑھائیں گے جبکہ مزید خواتین انسٹرکٹرز بھی تعینات کی جائیں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریننگ کالج میں زیر تربیت پولیس جوانوں کو گھڑسواری،تیراکی اور دیگر فنون سکھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ فیلڈ میں کرائم فائٹنگ کیلئے اہکاروں کی جسمانی و ذہنی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے مزید کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں نئے ہاسٹلز،کانفرنس روم اور ڈسپنسری اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی منظوری لی جائے گی اس ضمن میں فیلڈ کے بہترین پولیس افسران کو پولیس ٹریننگ کالج میں زیر تربیت جوانوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔بعدازاں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج گوہر مشتاق بھٹہ کی جانب سے کالج کے میکنزم پر تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔دریں اثناء  کیپٹن ر ظفر اقبال نے پولیس ٹریننگ کالج میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل  ڈیجیٹل فائرنگ سسٹم کا معائنہ کیا اور اسلحے کی چیکنگ کیلئے عملی طور پر فائرنگ کرکے سسٹم کی افادیت کو چیک کیا۔اس موقع پر پی ایس او پولیس ٹریننگ کالج محمد نعیم اور پی ایس ٹو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب زمان خان قیصرانی بھی موجود تھے۔

معائنہ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -