کراچی:مختلف ٹریفک حادثات میں 4افرادجاں بحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4افرادجاں بحق جبکہ شاہراہ فیصل پر ٹریفک حادثے میں اسپیشل سیکورٹی یونٹ کا اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے معمار موڑکے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 25سالہ نامعلوم نوجوان جاں بحق ہوگیا،جاں بحق شخص کی لاش عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیاتاہم متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔نادرن بائی پاس کاٹن فیکٹری نزد لکی چڑھائی پل کے قریب ڈمپر اور سوزوکی میں تصادم کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے۔لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیاگیاتاہم لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔رات گئے گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13ڈی میں نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے 19سالہ مشرف ولد شبیر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو بھی عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس کے مطابق متوفی گھر کے قریب ہی ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا تھا جس کو پہلے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا، پولیس نے لا ش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی۔ شاہراہ فیصل پر ٹریفک حادثے میں اسپیشل سیکورٹی یونٹ کا اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار راؤمحمد نعیم کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔