مختلف اجناس کے 17 نئے بیجوں کی کاشت کاری کی اجازت

  مختلف اجناس کے 17 نئے بیجوں کی کاشت کاری کی اجازت

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے کی زراعت میں اضافے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے مختلف اجناس کے 17 نئے بیجوں کی کاشت کاری کی اجازت دے دی ہے۔گزشتہ روز وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کی زیر صدارت سندھ سیڈ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری زراعت، ڈی جیز، سندھ آباد گار بورڈ کے زین العابدین شاہ، ندیم شاہ جاموٹ اور بیج کمپنیوں کے نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کپاس، چاول، گندم، کیلا، آم اور آئل سیڈز سمیت 8 نئی اقسام کی منظوری دی گئی۔اس موقع پرصوبائی وزیر اسماعیل راہونے کہاکہ اجناس کے 17 نئے بیجوں کی سندھ میں کاشت کاری کی اجازت دے دی گئی ہے، 11 بیجوں کو مستقل رجسٹرڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ 6 اقسام کو ایک سال کے لیے آزمائشی طور پر مشروط اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پنجاب کی کاٹن کی 5 نئی اقسام کے لیے 1، 1 سال کی منظوری دی ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے کیلے کی، اور کاٹن کی 2 اقسام کی رجسٹریشن کی منظوری دی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ کیلے کی 2 نئی اقسام چین سے منگوائی گئیں جس کے بہترین نتائج ملے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کو سنگین بحرانوں کا سامنا ہے جن میں بیج سرفہرست ہے، سندھ حکومت معیاری بیجوں کی دستیابی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -