اسکول بند نہ کرنا صوبائی حکومت کی ضد نہیں ہے،سعید غنی 

  اسکول بند نہ کرنا صوبائی حکومت کی ضد نہیں ہے،سعید غنی 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہاہے کہ اسکول بند نہ کرنا صوبائی حکومت کی ضد نہیں ہے صورتحال خراب ہونے پر انہیں بند بھی کیا جاسکتا ہے۔خصوصیگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ساتھ اجلاس میں سندھ اور پنجاب نے ایک ہی بات کی تھی کہ کورونا کی صورتحال کو صرف تعلیمی ادارے بند کرنے سے اپنے بچوں کو نہیں بچاسکتے دیگر شعبوں سے متعلق بھی فیصلے کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ بازار کھلے رہیں، ٹرانسپورٹ اسی طرح چلتی رہے، گلی محلوں میں ایس او پیز پر عمل در آمد نہ ہوں تو اسکولز بند کرنے کا فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلا ؤکو روکنے کے لیے پورے ملک میں اقدامات کرنے ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت اب بھی پہلے کی طرح کورونا کے پھیلاؤ کو لے کر سنجیدہ ہے۔ہم نے پہلے بھی پابندیاں لگائی تھیں اور اس وقت جو صورتحال ہے اس میں صرف اسکولوں کو بند کرنے سے کورونا کے پھیلاؤ کو نہیں روک سکتے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ اسکولوں کی بندش کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا تو ایک ہفتے بعد اس پر نظر ثانی ہوگی۔سعید غنی نے کہاکہ سندھ میں سردیوں کی چھٹیاں 15 دن کی ہیں اور پاکستان کے دیگر کئی علاقوں میں یہ 2 مہینوں کی ہوتی ہیں، ان کے پاس 2 مہینوں کا ٹائم ہے ہمارے پاس نہیں،یہ ایک مسئلہ ہے تاہم خدانخواستہ صورتحال خراب ہو تو اسکول بند کیے جاسکتے ہیں اس میں ہماری کوئی ضد نہیں ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -