ملک کی معاشی صورتحال مستحکم ہورہی ہے،خرم شیر زمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ و زیراعظم کی کاوشوں اور وفاقی حکومت کی مثبت حکمت عملی سے ملک کی معاشی صورتحال مستحکم ہورہی ہے۔ پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 9 فیصد اضافہ خوش آئند ہے۔ 4 ماہ میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 733.1 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ بھی ملک کے معاشی صورتحال کو مستحکم واضح کر چکی ہے۔ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کورونا کے منفی اثرات کے باوجود بھی معیشت کی بحالی کا مشن جاری رکھا۔وفاق نے زرعی پیداوار، ٹیکسٹائل اور تمام تجارتی سرگرمیوں کیلئے مشکل فیصلے کیے۔وزیراعظم اور اقتصادی ٹیم نے موثر اقدامات سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پایا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پہلی بار پاکستانی کرنسی کے بانڈز جاری کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالف جماعتیں اپنا زور آزمائیں لیکن اب ملک ترقی کرے گا۔ ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کو دیگر صوبوں کے عوام اسی طرح مسترد کریں گے جس طرح گلگت کے عوام نے کیا۔وزیر اعظم نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ثابت کردیا کہ وہ واحد لیڈر ہیں جو پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوا سکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے چیخنے سے ملک کی ترقی کا سفر اب نہیں رکے گا۔ گلگت میں اپوزیشن کو شکست ماضی میں ان کی نااہلیوں اور ریاست مخالف بیانیے کا نتیجہ ہے۔