کراچی:ناپا اکیڈمی کے نئے بورڈ اور چیئرمین کا انتخاب

  کراچی:ناپا اکیڈمی کے نئے بورڈ اور چیئرمین کا انتخاب

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (NAPA) کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے سید جاوید اقبال کو متفقہ طور پر تین سال کی مدت کیلئے ادارہ کا  نیاچیئرمین منتخب کرلیا۔ ان کا انتخاب طارق کرمانی کے تین سالہ مدت کے دو ادوار کی تکمیل کے بعد کیا گیا ہے۔طارق کرمانی سے پہلے چیئرمین شپ  ڈاکٹر عشرت حسین کے پاس تھی۔  بورڈ اراکین نے ناپا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر ضیاء محی الدین کی دوبارہ تعیناتی کی منظور ی بھی دی۔بورڈ کے سبکددش ہونے والے چیئرمین طارق کرمانی نے اپنے الوادعی کلمات میں کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں کہ انہیں دو دفعہ ناپا کے بورڈ کی خدمت کرنے اور معاشرے کی ثقافتی آفزدوگی کا موقع ملا۔ انہوں نے اپنی مدت کے دوران بورڈ اراکین اور فیکلٹی کی طرف سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔نومنتخب چیئرمین سید جاوید اقبال نے کہا کہ متفقہ طور پر چیئرمین منتخب ہونا ان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے کیونکہ پرفارمنگ آرٹس کی مہارت حاصل کیلئے ناپا ایک مثالی اور شاندار ادارہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیکلٹی اراکین پرفارمنگ آرٹس کے متعلقہ شعبوں میں اپنی بہترین صلاحیتیں طلبا میں منتقل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ناپاکے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شامل ہیں جو اعزازی طور پر اپنی خدمات پیش کرتی ہیں۔ نو منتخب بورڈ  میں طارق کرمانی، جاوید جبار، انور رامل، سلیمہ ہاشمی، ستیش آنند، شاہ رخ حسن، روشن خورشید بھروچہ، مہتاب راشدی، فوزیہ نقوی اور سید جاوید اقبال شامل ہیں۔سیکرٹری نیشنل ہیرٹیج اینڈ کلچرل ڈویژن، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور صوبائی سیکرٹری ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ ناپا بورڈ کے بالحاظ عہدہ ڈائریکٹرز ہیں۔نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ( NAPA) پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلامنفرد ادارہ ہے جو کمپنیز آرڈیننس1984 کے سیکشن 42 کے تحت  2004 میں قائم کیا گیا۔یہ ادارہ  موسیقی، ڈرامے اور رقص کے ورثے کو محفوظ کرنے اور نئے ٹیلنٹ کی تربیت کیلئے پیشہ ورانہ کورسز کا انعقاد کرتا ہے اور طلباء کو پرفارمر کے طور پر مکمل صلاحیت کے حصول کیلئے  تربیت فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ یہ ادارہ نوجوانوں کو اظہار رائے کی آزادی، ذاتی نظم و ضبط اور پرفارمنگ آرٹس سیکھنے کی تمنا کو حقیقت کا روپ دینے کے مواقعے فراہم کرتا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -