فضل الرحمن الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں،جی بی الیکشن جمہوریت کی فتح: شیخ رشید

 فضل الرحمن الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں،جی بی الیکشن جمہوریت کی ...

  

 اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے مولانا فضل الرحمن الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں، شبر زیدی پر لگایا گیا الزام انتہائی بھونڈا اور غیرذمے دارانہ تھا، اپوزیشن کا بیانیہ ایک نہیں، انہوں نے اپنے اپنے نشان پر گلگت بلتستان میں الیکشن لڑا، (ن) لیگ کے رہنما حفیظ الرحمان نے پیپلزپارٹی پر الزامات لگائے، پی ٹی آئی جی بی میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیگی، جی بی کے لوگ محبت وطن ہیں، پاکستان کو ووٹ ڈالا، اپوزیشن میں اتنی سمجھ بوجھ ہوتی تو اتحاد کرلیتے، اپوزیشن اگلے سال آزاد کشمیر انتخابات پر بھی روئے گی،سیاست اپنا راستہ خود بناتی ہے، بند گلی میں داخل ہونا کوئی عقلمندی نہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا جدید اربن ٹرانسپورٹ الیکٹرک ہو گی، اس میں باڑ لگی ہوئی ہو گی اور 80کلو میٹر کی رفتار سے چلا کریگی، ابھی اسکا ٹرائل چل رہا ہے اور ہم صبح سے 42کلومیٹر چلا رہے ہیں، یہ پپری سے کراچی سٹی تک دو دو پھیرے لگائیں گے تاکہ یہ دیکھ لیں لوگوں کا اس پر کیا رسپانس ہے۔ ہم نے 8مہینوں میں 43کلومیٹر کا ٹریک بنایا ہے، 14کلومیٹر ٹریک نیا بحال کیا اور یہ ریلوے نے اپنے طور پر کام کیا جس پر ریلوے کے تمام مزدور اور افسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے اپنی سیاسی زندگی میں اتنا شفاف الیکشن ہوتے ہوئے نہیں دیکھا جو گلگت بلتستان میں ہوا، میں یہ اسلئے نہیں کہہ رہا کہ میں عمران خان کا وزیر ہوں بلکہ جتنا بڑا پن میں نے گلگت بلتستان میں دیکھا۔ پنجاب میں کسی مخالف کے دفتر کے آگے سے گزرنا مشکل ہوتا ہے لیکن گلگت بلتستان میں مخالف پارٹیوں کے جلسوں میں ناصرف لوگوں نے شرکت کی بلکہ سیاسی شعور کا بھی مظاہرہ کیا۔23کی 23سیٹوں میں جتنے ووٹ پول ہوئے، ڈبوں سے اتنے ہی ووٹ نکلے، یہاں کی طرح نہیں ہوا کہ ووٹ 800یا ہزار ڈالے گئے اور نکلے 1200، ایک اور دو ووٹوں پر امیدوار جیتے ہیں جو جمہویت کی فتح کا کا ثبوت ہیں۔

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -