حکومت نے سستا بازاروں کیلئے سبسڈائز آٹے کا کوٹہ بڑھا دیا

حکومت نے سستا بازاروں کیلئے سبسڈائز آٹے کا کوٹہ بڑھا دیا

  

 پشاور(سٹی رپورٹر) صوبائی حکومت نے سستا بازاروں کیلئے سبسڈائز آٹے کا کوٹہ 2 ہزار سے بڑھا کر 28 سو تھیلے کردیا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر پشاور میں قائم سستا بازاروں کو سبسڈائز آٹے کے 28 سو 20 کلو گرام کے تھیلے مہیا کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ادھر محکمہ خوراک کے راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے حیات آباد‘ ناصر باغ روڈ اور خراسان کیمپ میں اشیائے خوردونوش کے دکانوں پر سرکاری نرخنامے چیک کئے اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 24 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے کہا ہے کہ سستا بازار کیلئے آٹے کے کوٹے میں اضافہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے احکامات کے بعد کیا گیا جبکہ شہریوں کی جانب سے بھی سبسڈائز آٹے کی دھڑلے سے خرید و فروخت جاری ہے عوام کے مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے کوٹے میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور بھر میں سبسڈائز آٹے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت مختلف علاقوں میں ٹرکوں کے ذریعے شہریوں کو سبسڈائز آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی اور معیار پر سمجھوتہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کے مرتکب فلور ملز مالکان اور آٹا ڈیلروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔

مزید :

صفحہ اول -