نوجوان لڑکی سے موبائل فون چھیننا چور کو مہنگا پڑگیا، سب کے سامنے دن میں تارے دکھادئیے
بیونس آئرس(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکہ کے ملک ارجنٹینا میں چور کو ایک لڑکی سے موبائل فون چھیننا مہنگا پڑ گیا۔ لڑکی نے اس کی ایسی درگت بنا ڈالی کہ دیکھ کر یقین نہ آئے ۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پیش آیا ہے جہاں چور نے 4فٹ 9انچ قد کی اس لڑکی کا فون چھیننے کی کوشش کی لیکن چور کی بدقسمتی کہ 20سالہ بریزا نامی یہ لڑکی ایم ایم اے فائٹر نکلی۔
رپورٹ کے مطابق بریزا نے چور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کیا اور ایسی ضربیں لگائیں کہ اس کے سر سے خون بہنا شروع ہو گیا۔ واقعے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بریزا اس چور کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہی ہوتی ہے کہ ”تمہارا کیا خیال ہے کہ میں سارا دن دفتر میں قید رہ کر اس لیے کماتی ہوں کہ تم جیسے لوگ تین سیکنڈ میں مجھ سے چھین کر چلے جائیں؟“ رپورٹ کے مطابق بریزا نے اس وقت تک چور کی جان نہیں چھوڑی جب تک پولیس نہیں آ گئی اور ملزم کو گرفتار کرکے نہیں لے گئی۔