مہنگائی کی شرح 0.62فیصد اضافے سے 28.67فیصد ہو گئی
اسلام آباد،لاہو ر (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 62 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی شرح 28.67 فیصد تک پہنچ گئی۔وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق مہنگائی میں 0.62 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر ملک میں مہنگائی کی شرح 28.67 فیصد ہوگئی۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 13اشیاء کے نرخوں میں کمی آئی، گزشتہ ہفتے چکن، پیاز، انڈے، آلو، سرخ مرچ، چائے، نمک اور لکڑی مہنگی ہوئی۔گزشتہ ہفتے ٹماٹر، دال مسور، دال چنا، گھی، دال ماش، دال مونگ اور کوکنگ آئل سستا ہوا جبکہ لہسن اور گندم کے آٹے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ تاہم مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز سے خریداری پر ریلیف کی خوشخبری سنادی گئی، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 7 سے 39 روپے تک کی کمی کی گئی، حبیب بناسپتی کی قیمت میں 34 روپے، حبیب کوکنگ آئل فی لٹر قیمت میں 36 روپے کی کمی کی گئی۔ایوا پریمئم برانڈ گھی کی قیمت میں 39 روپے فی کلو کمی، سویا سپریم گھی پریمیئم برانڈ کے 1 کلو کی قیمت میں 25 روپے، سویا سپریم کوکنگ آئل فی لیٹر کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی۔
مہنگائی کی شرح