کراچی، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں گیس کی بندش!
کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے شہروں میں گیس ملنا بند ہو گئی جس سے گھریلو صارفین بھی پریشان ہیں۔ سوئی سدرن کی طرف سے صنعتوں کے لیے گیس پہلے ہی بند کی جا چکی ہے کہ گیس کی قلت ہے تاہم بعض برآمدی صنعتوں کو اب بھی کسی حد تک استثنیٰ حاصل ہے۔ حکومت نے یہ فیصلہ 15نومبر سے15فروری تک کے لیے کیا ہے اور اس دوران گھریلو صارفین کو ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے بالترتیب دو اور تین،تین گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی لیکن کراچی، حیدر آباد اور بعض دوسرے شہروں میں مقررہ اوقات میں بھی گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔ اِن شہروں کے عوام نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہیں گیس نہیں مل رہی جس کی وجہ سے دفاتر جانے والے مرد اور خواتین سمیت سکول جانے والے بچے ناشتے تک سے محروم ہیں۔حکومت کو نہ صرف مقرر کردہ اوقات میں گیس کی فراہمی بلکہ اِس کے پریشر کو یقینی بنانا ہو گا وگرنہ گھریلو صارفین کی مشکلات کم نہیں ہو ں گی۔