الیکشن کا اعلان ہو بھی جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی: عمران خان 

Nov 19, 2022

       لاہور (این این آئی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے واضح کیا ہے کہ مکمل اختیارات ملیں گے تو وزیراعظم بنوں گا، یہ نہیں ہوسکتا اختیارات کسی اورکے پاس ہوں،نواز شریف وہ آرمی چیف لگانا چاہتا ہے جو مجھے نااہل کرے، مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے، میری آرمی چیف جنرل باجوہ سے لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، آرمی ایکٹ میں ہونے والی مجوزہ ترمیم اعلی عدلیہ میں چیلنج کرونگا۔گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرے معالجین آج (جمعہ) میرا معائنہ کرکے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے جس کے بعد اعلان کروں گا کہ کس روز راولپنڈی جانا ہے اور پنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا۔دوسری جانب لانگ مارچ کے چکوال، گوجر خان، خیبر، بونیر میں شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کا بھی اعلان ہو جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، جب تک ملک میں یکساں قانون نہیں ہوگا ملک آزاد اورخوشحال نہیں ہوسکتا۔صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے مسلم لیگ (ق) کے حوالے سے کہا کہ (ق) لیگ ہمارے اتحادی ہیں اور پرویز الٰہی کیساتھ بہترین اتحاد چل رہا ہے، مقدمے کے اندراج میں سب سے بڑی رکاوٹ سابق آئی جی پنجاب تھے۔وزیر آباد مرکزی ملزم کو چودہ دن بعد عدالت پیش کیا گیا، مجھے خدشہ ہے کہ ان چودہ روز میں شواہد ضائع نہ ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے انتخابات میں ای وی ایم مشین سے دھاندلی رکوانے کی بھر پور کوشش کی جبکہ ای وی ایم کے معاملے پر نواز شریف اور آصف زرداری الیکشن کمیشن اور ہینڈلز ایک پیج پر تھے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نیب کو میں نہیں بلکہ کوئی اور کنٹرول کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہ آرمی چیف لگانا چاہتا ہے جو مجھے نااہل کرے۔، مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے، نواز شریف چاہتا ہے کہ پہلے کیسز ختم ہو جائیں اور پھر اقتدار میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل باجوہ سے میری لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، صدر مملکت عارف علو ی کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کا ایجنڈا جلد شفاف انتخابات ہوا تھا۔انہوں نے ارشد شریف قتل کیس پر کہا کہ ارشد شریف کے معاملے پر ہونے والا ظلم سب کے سامنے ہے۔توشہ خانہ کیس میں انہوں نے مجھے خود عدالت میں جانے کا موقع دیا، میں برطانیہ اور امریکہ کی عدالتوں میں مقدمہ دائر کروں گا۔
عمران خان 

اسلام آباد، بلکسر (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کا خود کو ریلیف اور عوام کو تکلیف! ملک میں پچھلے سات ماہ پاکستانی قوم کیلئے تاریخ کے بدترین ماہ ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں معاشی استحکام کے لئے سیاسی استحکام لانا ناگزیر ہو گیا ہے اور اسکا واحد راستہ فوری انتخابات ہیں،میدان میں آؤ۔اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان آج اس دوراہے پر کھڑا ہے جہاں عوام کے پاس 2 راستے ہیں، ایک راستہ غیر قانونی حکومت کے سامنے جھکنا اور دوسرا راستہ آزادی کا راستہ ہے۔بلکسر انٹرچینج پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمرنے کہا کہ آپ کا کپتان (عمران خان) آپ کیلئے جنگ لڑ رہا ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت امپورٹڈ سیٹ اپ کے خلاف اور حقیقی آزادی کے حق میں ریفرنڈم ہے۔ٹوئٹر پر لانگ مارچ کے حوالے سے تصاویر شیئر کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے جبکہ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ صرف 8 ماہ قبل عمران خان کی قیادت میں تمام اعشاریے مثبت اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔ انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ میں بھرپور عوامی شرکت امپورٹڈ سیٹ اپ کے خلاف، اور حقیقی آزادی کے حق میں ریفرنڈم ہے۔
تحریک انصاف

مزیدخبریں