راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) راولپنڈی پولیس نے لانگ مارچ کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی۔راولپنڈی پولیس کے سکیورٹی پلان کے مطابق لانگ مارچ کی سکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا، پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ کے 500 اور 122 کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔پلان کے مطابق 38 ایلیٹ فورس اہلکار، 91 خواتین اور 1094 ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے، پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ کے اہلکار اسٹینڈ بائی پر موجود رہیں گے۔پولیس پلان کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کی مانیٹرنگ کے لیے کلوز سرکٹ کیمروں کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، مارچ کی سکیورٹی کی براہ راست نگرانی ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے استقبال کیلئے سکیورٹی کی تیاریاں تیز کر دی ہیں،عمران خان کی کال کے بعد ہفتے کو شہر میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان ہفتے کے روز راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق مارچ کے شرکا راوت کے ٹی چوک پر ڈیرے ڈالے رہیں گے جبکہ پنڈی میں مارچ کے شرکا کو رہائش اور کھانا فراہم کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اسی سلسلے میں مقامی انتظامیہ نے شمس آباد کے علامہ اقبال پارک میں 80 عارضی بیت الخلا جبکہ ٹیکسلا میں مارچ کرنیوالوں کیلئے کم از کم 200 باتھ روم بنائے ہیں۔
لانگ مارچ