غزہ،مکانات میں آگ لگنے سے 7بچوں سمیت 21افراد جاں بحق، متعدد زخمی
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین کے گنجان آباد علاقے غزہ میں مکانات میں آگ بھڑکنے سے سات بچوں سمیت کم از کم اکیس افراد جل کر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کی رہائشی پٹی پر یہ آگ جبالیہ کیمپ میں ایک بلڈنگ میں لگی جس نے دیگر عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم شدید اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے آگ پر بروقت کنٹرول نہ کیا جاسکا اسرائیل کے طویل محاصرے کو اس بڑے زیادہ جانی نقصان کا سبب ٹھہرایا گیا کیونکہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں مقبوضہ فلسطین کے دیگر علاقوں سے بر وقت جائے وقوعہ تک نہیں پہنچ سکیں غزہ کے شہری دفاع کے یونٹ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی جبکہ متعدد افراد آگ سے جھلس کر زخمی ہوئے۔ انڈونیشیا کی طرف سے قائم کیے گئے ایک مقامی ہسپتال کے انتظامی سربراہ صالح ابو لیلیٰ کے مطابق آگ سے جھلسی ہوئی آنے والی لاشوں میں سے کم از کم 7بچوں کی لاشیں بھی شامل ہیں دوسری جانب آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی تاہم شہری دفاع کے یونٹ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ گھر میں سردیوں کے لیے ایندھن ذخیرہ کیا جا رہا تھا کہ اس دوران آگ بھڑک اٹھی فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اتھارٹی کو متاثرین کیلئے طبی و دیگر نوعیت کی مدد فوری طور پر بھجوانے کی ہدایات جاری کر دیں صدر محمود عباس نے اسرائیلی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرے تاکہ آگ لگنے کے اس واقعہ سے متاثرہ افراد کو بچایا جا سکے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے جان سے جانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جمعے کو ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ۔حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کیا جاسکے۔
آگ