عمران خان پر فائرنگ کا معاملہ ، ملزم نوید نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرا دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم نوید سے جے آئی ٹی نے تفتیش شروع کردی۔
نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے ملزم نوید سے وقوعہ بارے سوالات کئے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ملزم نوید سے حالات وواقعات پر پوچھ گچھ بھی کی۔
ملزم نوید نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہاکہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے ،اکیلے ہی حملے کی منصوبہ بندی کی ،فائرنگ کے بعد کنٹینر کے دائیں جانب گلی سے فرار ہو جانا تھا،لیکن پکڑا گیا۔
ملزم نوید کاکہناتھا کہ میرا کسی سیاسی یا دینی جماعت سے تعلق نہیں ،کسی نے حملہ کرنے کا نہیں کہاتھا، 2 گھنٹے موقع کی تلاش میں تھا،کنٹینر کے آگے پولیس نہ ہونے پر سامنے آکر فائرنگ کردی ۔
واضح رہے کہ ملزم 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے ۔