اپنے معیاری کام کی بدولت یقین ہے جلد منزل حاصل کر لوں گی!
۔ زارا ملک
عامر خان
شوبز کی دنیا کی چکا چوند نے بہت سوں کواپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ اس شعبے میں نئے آنے والوں کو بھی بہت فائدہ ہوا ہے۔ زارا ملک کا شمار بھی ایسی ہی فنکاروں میں ہوتا ہے۔ زاراملک کو بچپن سے ہی ماڈل و اداکارہ بننے کا جنون کی حد تک شوق تھا۔ زارا نے گھر سے معیاری اور اچھا کام کرنے کی اجازت لے کر برانڈ شوٹ سے کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شوبز میں خوب نام کمایا۔
زارا نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گزشتہ چند سال سے برانڈ شوٹ کررہی ہوں۔ اسی دوران 2 ٹی وی ڈراموں اور 3 ٹیلی فلمز میں کام کر چکی ہوں اور اب بھی کسی اچھے فلم ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔ میری خواہش ہے کہ کوئی ایسا کردار کروں جو انمٹ نقوش چھوڑ جائے۔
زارا نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ دنیا میں کوئی کام اچھا یا برا نہیں ہوتا یہ انسان پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ جس شعبے میں بھی کام کررہا ہے خود کو اس میں کیسے منواتا ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ بہت ہے۔ اس شعبے میں اچھا اور معیاری کام کرنے والے بھی کم نہیں ہیں۔ یہ قسمت کی بات ہوتی ہے کہ کوئی عروج پاتا ہے اور کوئی اس کی اندھیر نگری میں گم ہو جاتا ہے۔
زارا کا کہنا تھا کہ میں نے گھر والوں کی اجازت سے اس شعبے میں قدم رکھا تھا۔ اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ بہت جلد اپنی منزل حاصل کر لوں گی۔
٭٭٭