جنگلی جانور شیر سے زیادہ کس سے ڈرتے ہیں؟
شیر کو خشکی کا سب سے بڑا شکاری جانور تسلیم کیا جاتا ہے جسے دیکھ کر ہی جاندار دہشت زدہ ہو جاتے ہیں، لیکن جنگل کے بادشاہ سے زیادہ جانور جسے دیکھ کر خوفزدہ ہوتے ہیں، وہ کوئی اور نہیں بلکہ حضرت انسان خود ہے۔جی ہاں یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔ویسٹرن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہاتھی، گینڈے، لگڑبھگے اور زرافے جیسے جانور سب سے زیادہ انسانوں سے ڈرتے ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ نتائج سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ انسان دنیا کے سب سے بڑے شکاری ہیں۔جنوبی افریقہ کے گریٹر کروگر نیشنل پارک میں ہونے والی اس تحقیق کے دوران مختلف تجربات کیے گئے ، جن کے نتائج سے معلوم ہوا کہ شیروں کے مقابلے میں انسانی آوازیں سن کر جنگلی جانور دوگنا تیزی سے بھاگتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس نیشنل پارک میں شیروں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔محققین نے جب پانی کے ذخیروں کے قریب انسانی آوازوں کے ریکارڈ چلائے تو تیندوے، زیبرے، ہاتھی، ہرن اور دیگر جانور گھبرا کر تیزی سے وہاں سے بھاگ گئے۔محققین کے مطابق یہ بات حقیقت ہے کہ شیروں کے مقابلے میں جانور انسانوں سے زیادہ ڈرتے ہیں۔تحقیق کے دوران مردوں اور خواتین کی مقامی زبانوں میں نرمی سے بات چیت کی آوازیں جانوروں کو سنائی گئی تھیں ،اس کے ردعمل نے محققین کو دنگ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ شیر اس نیشنل پارک کے سب سے دہشت زدہ کردینے والے شکاری ہیں مگر جانوروں میں انسانوں کا خوف سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نتائج حیرت زدہ کردینے کے ساتھ ساتھ مایوس کن بھی ہیں۔تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ نیشنل پارکس میں سیاحت سے جنگلی حیات پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، چاہے انسان وہاں کچھ نہ بھی کریں، مگر ان کی آواز بھی جانوروں کو متاثر کرتی ہے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل کرنٹ بائیولوجی میں شائع ہوئے۔