چیٹ جی پی ٹی کےسی ای او کونوکری سے برطرف کردیاگیا

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیٹ جی پی ٹی کے سی ای او سیم آلٹ مین کو نوکری سے نکال دیاگیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے سی ای او اور ڈائریکٹر سیم آلٹ مین کو عہدے سے اچانک برطرف کیا۔سیم آلٹ مین کی برطرفی کے بعد اوپن اے آئی کے صدر کوفاؤنڈر گریگ براکمین بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
مصنوعی ذہانت کی فرم اوپن اے آئی کی مالیت کو صفر سے 90 ارب ڈالر تک پہنچانے والے 38 سالہ سیم آلٹ مین نے چیٹ جی پی ٹی بوٹ بنا کر مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آلٹ مین کی صلاحیت پر اعتماد ختم ہونے کی وجہ سے ان کو ہٹانے کا فیصلہ کیا اور ان کی برطرفی مکمل جائزے کے بعد کی گئی ہے۔سیم آلٹ مین بورڈ کے ساتھ اپنی بات چیت میں مستقل طور پر واضح نہیں تھے جس کی وجہ سے بورڈ صحیح طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر پا رہا تھا۔کمپنی اب نئے سی ای او کو تلاش کرے گی تاہم مستقل سی ای او کی تعیناتی تک چیف ٹیکنالوجی آفیسر میرا موراتی عبوری سی ای او کے طور فرائض انجام دیں گے۔