جماعت اسلامی کی چھٹی، متحدہ مجلس عمل بحال ہو گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پانچ مذہبی جماعتوں نے جماعت اسلامی کے بغیر ہی متحدہ مجلس عمل کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل میں شرکت کیلئے رابطہ کیا تو غور کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل میں شمولیت کے لئے جماعت اسلامی نے رابطہ کیا تو غور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزنہ 10 قتل ہو رہے ہیں اس پر کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔ اس موقع پر علامہ ساجد علی نقوی اور ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے لئے مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس ایک ماہ میں ہو گا۔متحدہ مجلس عمل کی بحالی کیلئے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمان، پاکستان اسلامی تحریک کے علامہ ساجد نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے ڈاکٹر ابو الخبر محمد زبیر، جمعیت اہلحدیث کے پروفیسر ساجد میر اور جمعیت علمائے اسلام سینئر کے عبدالرحیم نقشبندی شریک ہوئے۔