لاہورہائیکورٹ کے قریب فائرنگ ، سینئر وکیل شاکرعلی رضوی جاں بحق،عدالتی بائیکاٹ ، چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائیکورٹ کے قریب فائرنگ سے سینئر وکیل شاکر علی رضوی جاں بحق ہوگئے جس پر وکلاءبرادری نے عدالتی کارروائی کابائیکاٹ کردیاجبکہ لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس اورآئی جی پنجاب رپورٹ طلب کرلی۔نجی چینل کے مطابق شاکر رضوی ملزمان کی طرف سے قتل کے مقدمے میں پیشی کے لیے آرہے تھے اور ملزمان کی آج ضمانتیں لگی ہوئی تھیں ۔ایسوسی ایٹس وکلاءکے مطابق ہائیکورٹ کے عقب میں ٹرنر روڈ پرگھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے شاکر رضوی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر گنگارام ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دم توڑ گئے ۔نجی چینل کے مطابق ملزمان نے گاڑی روک کر اے کے 47سے برسٹ مار کر اُنہیں شدید زخمی کیااور فرار ہوگئے۔مقتول کے بھائی نے بتایاکہ شاکر رضوی کے پاس بڑے مذہبی رہنماﺅں کے کیس تھے ، ٹارگٹ کلنگ ہوسکتی ہے ۔شاکرعلی رضوی پر فائرنگ کے بعد وکلاءنے ہڑتال کااعلان کردیااور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ چیف جسٹس عمرعطاءبندیال نے ہائیکورٹ کے گیٹ پر وکیل کے قتل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔اُدھر آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان نے بھی نوٹس لیتے ہوئے 24گھنٹوں میں سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن سے رپورٹ طلب کرلی۔