وزیراعلیٰ پنجاب کا قابل تعریف اقدام
لاہور میں بیکری ملازم پرتشدد کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے داماد علی عمران نے گرفتاری دے دی ہے۔داماد کو شامل تفتیش ہونے کے لئے وزیراعلیٰ نے خود کہا ان کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں،علی عمران کا کہنا ہے کہ جنہوں نے بیکری ملازم پر تشدد کیا، وہ ہمارے ملازم ہیں، لیکن ہم نے ہدایات نہیں دیں۔
بیکری ملازم پر تشددکا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،تاہم جب یہ واقعہ رونما ہوا وزیراعلیٰ ملک سے باہر تھے، جب وہ واپس آئے اور واقعہ ان کے علم میں آیا تو انہوں نے فوری طور پر قانونی کارروائی کا حکم دیا اور ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے بلا رو رعایت قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور اس بات کی پرواہ نہیں کی کہ واقعہ میں ان کے داماد بھی ملوث ہیں، چنانچہ پولیس نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر علی عمران کو دفعہ 109کے تحت گرفتار کرلیا، جمعرات کوجوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جنہوں نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور ضمانت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔
اس طرح کے لڑائی جھگڑے اور تشدد کی وارداتیں ہمارے ہاں معمول کی بات ہیں، عام طورپر ایسی وارداتوں کی ایف آئی آر بھی درج نہیں ہوتی اور اگر ہو بھی جائے تو معاملہ جلد ہی رفع دفع ہو جاتا ہے۔عموماً مدعی کے ساتھ راضی نامہ ہو جاتا ہے۔بہت کم ایسے مقدمات عدالتوں میں جاتے ہیں، لیکن قابل ستائش امر یہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے قانون کے معاملے میں اپنی پوزیشن کو اپنے داماد کے حق میں استعمال نہیں کیا، علی عمران خود بھی یہ معاملہ رفع دفع کرنے کی پوزیشن میں تھا،لیکن وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اس نے گرفتاری دی اور اب سارا معاملہ قانون کے سپرد ہے۔اس سے پہلے مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں نوازشریف نے اپنے داماد کے معاملے میں مثالی طرز عمل کا مظاہرہ کیا تھا، جنہوں نے مسلم لیگ(ن) کے بعض سینئر لیڈروں کے متعلق بیانات دیئے تھے، میاں نوازشریف نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور اپنے داماد کیپٹن(ر) محمد صفدر کی رکنیت معطل کی، ان کے خلاف انکوائری ہوئی اور معاملے کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے بعد اور قیادت کے مطمئن ہونے کے بعد ہی ان کی رکنیت بحال ہوسکی۔
دونوں رہنماﺅں کا یہ طرزعمل قانون کی نظرمیں پسندیدہ ہے اور اگر ہماری سیاسی قیادتیں اسی طرح قانون پسندی کا مظاہرہ کریں تو ملک میں قانون کی عملداری قائم ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام قابل تعریف اور قانون کے احترام کی بہترین مثال ہے اور اس طرح کے اقدام کے لئے بڑے دل گردے کی ضرورت ہوتی ہے جس کا مظاہرہ میاں شہباز شریف نے کیا ہے۔کاش باقی حکمرانوں کو بھی ایسے معاملات میں اس طرح کے طرزعمل کی توفیق ارزانی ہو جو اپنے عزیزوں کو قانون سے بچانے کے لئے ہر حد عبور کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ ٭