برطانیہ میں اے لیول کی تعلیمی اصلاحات کا منصوبہ

برطانیہ میں اے لیول کی تعلیمی اصلاحات کا منصوبہ
برطانیہ میں اے لیول کی تعلیمی اصلاحات کا منصوبہ

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

 لندن (بیورو رپورٹ) برطانوی وزیر تعلیم نے اے لیول نظام تعلیم میں نئی اصلاحات متعارف کرانے کے لئے منصوبہ تیار کر لیا۔ وزیرتعلیم مائیکل گوو اے لیول نظام تعلیم میں انٹرنیشنل بیکلوریٹ سکول سسٹم کا اصول متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت طلبا کو اپنی تعلیمی قابلیت دکھانے کے لیے پانچ ہزار الفاظ پر مشتمل ایک مضمون لکھنا ہو گا جس کی بنیاد پر انھیں گریڈ دیے جائیں گے۔ انٹر نیشنل بیکلوریٹ سسٹم میں طلبا کو چار ہزار الفاظ کا مضمون لکھنا پڑتا ہے۔ بیکلوریٹ سوئس نظام تعلیم ہے جبکہ اے لیول برطانوی اور سوئس نظام تعلیم کے امتزاج کو اے بیکس کا نام دیا گیا ہے۔ برطانوی وزیر اس نظام تعلیم کے چند اصول متعارف کرانا چاہتے ہیں ۔منصوبے کے مطابق اے لیول میں انگریزی اور تاریخ کے طلبا کو سائنس اور ریاضی میں سے ایک مضمون کا انتخاب کرنا ہو گا۔اسی طرح سائنس کے طلبا کو بھی آرٹس کے مضامین میں سے ایک مضمون لینا ہو گا۔ مائیکل گوو نے یہ منصوبہ یونیورسٹیز کی طرف سے آنے والی شکایات کے بعد تیار کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کا جنرل نالج اور وڑن بہت محدود ہوتا ہے اور وہ صرف اپنے مضمون کے بارے میں جانتے ہیں تعلیمی اداروں کی ان شکایات کو دور کرنے کے لیے مائیکل گوو نے یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔

مزید : تعلیم و صحت