نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ٗڈیل سٹائن

نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ٗڈیل سٹائن

  




ہملٹن (اے این این )جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سٹار باؤلر ڈیل سٹائن نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ضرور ہوگا لیکن جنوبی افریقہ کی ٹیم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے سکے ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقن ٹیم کے کھلاڑی جیت کے عزم کے ساتھ یہاں آئے ہیں سیریز اپنے نام کرکے واپس جائیں گے ۔ اگلے برس کھیلے جانے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا اس ورلڈ کپ کی میزبانی کررہے ہیں ۔ اس لئے اس سیریز سے جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ کپ کی تیاری میں بھی بھرپور فائدہ ہوگا اور کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے موسمی حالات میں ایڈجسٹ ہونے کا موقعہ ملے گا ۔ سٹائن نے مزید کہاکہ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے جو ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی دیگر ٹیموں کو ٹف ٹائم دے گی ۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہے جہاں پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی ۔ ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ منگل کو کھیلا جائے گا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی