عمران کے جلسے تبدیلی تو نہیں لائیں گے معیشت ضرور تباہ کرینگے،میاں عرفان

عمران کے جلسے تبدیلی تو نہیں لائیں گے معیشت ضرور تباہ کرینگے،میاں عرفان

  




لاہور(نمائند ہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عمران خان ہر روز حکومت کے خاتمہ کا نیا ٹائم فریم دیتے ہیں وہ جھوٹوں

کے سردار بن چکے ہیں ان کے جلسے تبدیلی تو کیا لائیں گے البتہ ملکی معیشت ضرور تباہ کر دیں گے جس کے وہ گزشتہ کئی مہینوں سے درپے دکھائی دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ سرگودھا سمیت کسی ایک شہر کے اجتماع کو پوری قوم سمجھنے والے درحقیقت خود اپنے آپ کو دھوکا دے رہے ہیں انہیں عوام کو بتانا چاہیے کہ دھرنے سے فرار اختیار کر کے گلی گلی پھرکر عوام کو بہکانا کہاں کی دانشمندی ہے؟

کاش! تبدیلی کے دعویداروں نے خیبرپختونخوا کو نیا پاکستان بنایا ہوتا عوام سمجھ چکے ہیں کہ قول و فعل میں تضاد اور جھوٹے الزامات عائد کرنا عمران خان کی تقاریر کا خلاصہ اور ان کی شخصیت کا خاصہ ہیں انہوں نے کہا کہ فلک شگاف نعرے لگانے والوں کو جلد اپنی سیاسی اوقات کا پتہ چل جائے گا۔ دوسروں پر الزامات لگانے والے لوگوں کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں شیخ رشید پرائے جلسوں میں لیڈری چمکانا بند کریں‘ وہ عمران خان کے ذریعے اپنی خواہشات کی تکمیل کرانا چاہتے ہیں جس میں انہیں انشاء اللہ کامیابی نہیں ہو گی انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بخوبی جانتی ہے کہ ان کی خدمت اور ملک کے بہتر مستقبل کے لئے کونسی قیادت دن رات ایک کئے ہوئے ہے اور وہ کبھی بھی تخریبی سیاست کرنے والوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...