لاہورچیمبر اور ٹیوٹا کا افرادی قوت کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

لاہورچیمبر اور ٹیوٹا کا افرادی قوت کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

  



لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) صنعتی شعبے کو ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبرکے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ سے ٹیوٹا ہیڈ آفس میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ خواجہ خاور رشید، خواجہ شہزاد اکرم، چودھری واجد علی، چودھری واجد علی، فہیم الرحمن سہگل اور ناصر سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ جی ڈی پی بڑھانے کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا فروغ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے پہلے ہی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرچکے ہیں۔ لاہور چیمبر اور ٹیوٹا کے درمیان اشتراک سے ہنرمند افرادی قوت کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی جس سے صنعتی شعبے کو فائدہ ہوگا اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ٹیوٹا کے تحت دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے لیے پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے ٹیوٹا کے سربراہ پر زور دیا کہ نئے کورسز اور سلیبس وضع کرنے کے عمل میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو شامل کریں۔ ٹیکنیکل ٹریننگ کا موجودہ نظام صنعتی ضروریات سے میل نہیں کھاتا لہذا اس جانب توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 19کروڑ سے زائد آبادی زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے لیکن صنعتی شعبے ان سے خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں کرسکا۔ صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرنہ ہونے کی وجہ سے بیشتر نوجوان بے روزگاری سے دورچار ہیں لہذا ٹیوٹا صنعتی ضروریات کو مدّنظر رکھ کر کورس مرتب کریں۔

چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صنعتکاروں کو ٹیوٹا کی جانب سے پیش کی جانے والی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹیوٹا کے درمیان اشتراک کے دوررس نتائج برآمد ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا صنعتی شعبے کو بہترین ہنرمند افرادی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

مزید : کامرس


loading...