بھارتی فوج کی ایک بار پھر چکوٹھی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری
چکوٹھی /پونچھ(اے این این )بے لگام بھارتی فوج نے ایک بارپھرجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چکوٹھی سیکٹرمیں کنٹرول لائن پربلااشتعال فائرنگ کی ،پاک فوج نے موثرجوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنیں خاموش کرادیں،ادھر بھارتی فوجی حکام نے روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج پر پونچھ میں حامیر پور سیکٹر اور جموں میں مکوال سیکٹر اور اللہ مائی دے کوٹھے کے علاقے کو نشانہ کاالزام عائدکیاہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز بھارتی فوجیوں نے چکوٹھی سیکٹرمیں کنٹرول لائن پربلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی جس پرپاک فوج نے بھی بھرپورجوابی کارروائی کی اوردوطرفہ فائرنگ کاسلسلہ کافی دیگرتک جاری رہاتاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب بھار تی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق فوجی حکام نے دعویٰ کیاہے کہ پا ک فوج نے گزشتہ 24گھنٹوں میں دو بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور پونچھ میں حامیر پور سیکٹر اور جموں میں مکوال سیکٹر اور اللہ مائی دے کوٹھے کے علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔بھارتی فوج کے ایک سینئر اہلکار نے کہاکہ سرحد پارسے کی جانے والی فائرنگ میں ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔