عوام نے 5سال کا مینڈیٹ دیا ہے ، چند لوگوں کی خواہش پر حکومت نہیں بدلتی :نواز شریف

عوام نے 5سال کا مینڈیٹ دیا ہے ، چند لوگوں کی خواہش پر حکومت نہیں بدلتی :نواز ...

  



 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت یہاں ماڈل ٹاﺅن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کی ادائیگی کے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کا اولین ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود ہے یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام ترقیاتی سکیموں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے،چند لوگوں کی خواہش پر حکومت نہیں بدلتی۔ کوئی رکاوٹ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہو سکتی۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انشاءاللہ 5 سال کے دوران عوام کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے دن رات کام کرکے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے جس پر میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف، منتخب نمائندوں اور صوبائی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انشاءاللہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں سے سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کے عمل کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے آزادی چوک منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے کو شاباش دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ایم این اے حمزہ شہباز، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

نواز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...