4 رکنی اعلی سطح ترک تجارتی وفد 3روزہ دورے پر لاہور پہنچ گیا
لاہور (اسلم بھٹی )4رکنی ترک تجارتی وفد 3روزہ دورے پر لاہور پہنچ گیا ۔ سیکرٹری جنرل پاک ترک بزنس مین ایسوسی ایشن ندا یلمازکا کہنا ہے کہ اگرچہ ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی ، مذہبی ، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات صدیوں سے قائم ہیں لیکن ان تعلقات کا اثر اور فائدہ دونوں ملکوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ پہنچنا چاہیے ۔ پاک ترک بزنس مین ایسوسی ایشن کا قیام اگست 2010میں ہوا اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی بنیادوں پر تجارت اور کاروبار کو فروغ دینا ہے ۔ا ب تک وہ 500سے زائد ترک سرمایہ کاروں اور 500کے قریب پاکستانیوں کو ترکی لیجا چکے ہیں ان کی کوششوں کی بدولت بہت سے تجارتی اور کاروباری منصوبے دونوں ملکوں میں جاری ہیں۔ 4رکنی اعلی تجارتی وفد کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ یہ وفد ترکی کے مشہور تجارتی اور صنعتی شہری دینیرلی سے آیا ہے جو اپنی صنعت ، تجارت کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے ۔ وفد کے اراکین میں توکات حسین مورالی اولو، مراد آغابائی اور عثمان اوزین شامل ہیں۔ یہ ترک تجارتی وفد 3دن لاہور میں قیام کرے گا اور بدھ کو اسلام آباد روانہ ہو جائے گا۔ وفد کے اراکین کا تعلق ٹیکسٹائل، مشینری، میڈیکل اور فرنیچر سے ہے ۔ اپنے لاہور کے دورے کے قیام کے دوران یہ وفد لاہور چیمبر آف کامرس ، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور پاک ترکی بزنس مین ایسوسی ایشن کے دورے بھی کر گا اور وہاں لوکل بزنس کینوٹی سے ملاقاتیںکرے گا ۔ ترک وفد خصوصی طور پر علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیگا اور لاہور میں یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں بھی شرکت کرے گا ۔ وفد کے لیڈر عثمان اوزین کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ان کے بہترین تعلقات ہیں اور وہ ان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ جنرل سیکرٹری پی ٹی بی اے ندا یلماز کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران بہت سے باہمی معاہدوں پر دستخط ہونگے جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا ۔
ترک وفد