سلطان آف جوہر ہاکی کپ، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں بھی شکست ہوگئی

سلطان آف جوہر ہاکی کپ، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں ...
سلطان آف جوہر ہاکی کپ، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں بھی شکست ہوگئی

  



کوالالمپور  (مانیٹرنگ ڈیسک ) سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم اپنی ناکامیوں سے پیچھا نہ چھڑا سکی، 5ویں پوزیشن کے میچ میں بھی پاکستان کو ملائیشیا سے شکست ہو گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم ایک بھی فتح سے محروم رہی ، اس کی ناکامیوں کا آغاز گروپ کے پہلے میچ میں برطانیہ سے پانچ صفر سے ہوا۔ قومی ٹیم دوسرے میچ میں مضبوط حریف آسٹریلیا کے خلاف مدمقابل ہوئی لیکن مقابلہ ایک، ایک کی برابری پر ختم ہوا ، گروپ کے تیسرے میچ میں اس کا سامنا روایتی حریف بھارت سے ہوا جس نے پاکستانی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چھ گولز کی بدترین اور کراری شکست سے دوچار کیا۔ گروپ کا آخری میچ میزبان ملائیشیا کے خلاف شیڈول تھا لیکن کامیابی یہاں بھی پاکستان سے ناراض ہی رہی اور میچ دو دو سے برابر رہا۔ اسی ملائیشین ٹیم نے پانچویں پوزیشن کے میچ میں پست حوصلوں اور ناکامیوں کی شکار پاکستانی ٹیم کو تین ایک سے ٹھکانے لگا کر فتح تو حاصل کی ہی ساتھ میں ٹورنامنٹ کی پانچویں پوزیشن بھی اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نوید واحد گول سکور کرنے میں کامیاب رہے۔

مزید : کھیل