پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ کو موہنجودوڑو بنا دیا، حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی لائے گی: سراج الحق
لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے سندھ کی پسماندگی کا رونا ایسے رویا ہے گویا اس کے ذمہ دار وہ نہیں عوام ہیں، اس کی ذمہ دار ان کی حکومت نہیں بلکہ اس کی ذمہ داری خود عوام پر عائد ہوتی ہےاور میرے خیال میں وہ درست ہی کہتے ہیں کیونکہ غریب لوگ انھیں کندھوں پر بٹھاتے اور آنکھیں بند کر کے ان کے نشان پر ٹھپے لگاتے ہیں۔ لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خاطب میں انہوں نے کہا کہ پچیس سال پہلے لاڑکانہ آیا تھا. خیال تھا کہ اس کی تقدیر بدل گئی ہو گی کیونکہ 40 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے مگر اس کی صورتحال پہلے سے بھی خراب ہو گئی ہے اور آج دیر اور لاڑکانہ کا موازنہ کروں تو لاڑکانہ پر ترس آتا ہے اور افسوس ہوتا ہے، پیپلزپارٹی لاڑکانہ کو ماڈل شہر بنا کر پورے ملک میں مثال کے طور پر پیش کرتی مگر انھوں نے تو اسے موہنجودوڑو بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج غریبوں کے خون کی کوئی قیمت نہیں، غریب کی بیٹی اغوا ہوتی ہے اور کہیں اس کی داد رسی نہیں ہوتی، ملک کو حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے اور یہ تبدیلی اسلامی پاکستان سے ہی مل سکتی ہے۔