اطلا عات تک رسائی سے آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی :پرویز رشید

اطلا عات تک رسائی سے آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیر قانون زاہد حامد کی سربراہی میں قانونی امور نمٹانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی قائمہ کمیٹی نے 30 ستمبر کو اطلاعات تک رسائی کے حق کے مجوزہ بل کی منظوری دیدی ہے، مجوزہ بل منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، اطلاعات تک رسائی سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، اطلاعات تک رسائی کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے، قائداعظم نے ایک وکیل کی حیثیت سے پاکستان کا کامیاب مقدمہ لڑا، پاکستان کو آمریت سے نکال کر جمہوریت کے راستے پر گامزن کرنے میں وکلاء کا کردار اہم ہے۔ وہ منگل کو یہاں اطلاعات تک رسائی کے موجودہ قوانین اور وفاقی سطح پر قانون سازی کی ضرورت کے موضوع پر یہاں ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے بل پر عملدآمد عوام کا مطالبہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا کیونکہ مجوزہ بل کو اتفاق رائے سے حتمی شکل دی جائے گی اوراس بل کو قانون بننے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی سے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ قانون کی حکمرانی اور ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، اطلاعات تک رسائی کا موثر قانون نہ ہونے کے باعث بعض اوقات سنی سنائی خبریں چھپتی ہیں جن کی بعد ازاں وضاحت ہوتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر ایک منتخب حکومت عوام سے اپنے امور چھپاتی ہے تو یہ جمہوریت کے خلاف تصور ہوگا، معاشرے میں اطلاعات تک رسائی کے حق کا کوئی احترام نہیں یہ جمہوریت نہیں ہے۔ سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی تھی جس نے اپنے 2013ء کی مدت کے دوران اطلاعات تک رسائی کے قانون کی منظوری دی تھی۔ وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ بل کی منظوری کا کریڈٹ پوری پارلیمنٹ اطلاعات و نشریات کے بارے میں سینیٹ کی کمیٹی اور پاکستان کے عوام کوجائے گا جنہوں نے جمہوریت، آزادی ، پریس اور سیاسی آزادیوں کیلئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس نوعیت کے موضوعات پر خبریں بعض اوقات مسائل پیدا کرتی ہیں اور ریاست کے خلاف کام کرنے والے اسے غلط استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون پر عملدرآمد سے اس قسم کے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخوا میں اطلاعات تک رسائی کے حق کے بل کی منظوری دی ہے اور توقع ظاہر کی کہ سندھ اور بلوچستان کے صوبے عوام کے اس حق کو یقینی بنانے کیلئے اس قسم کے بل منظور کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وکلاء برادری نے جمہوریت کو مضبوط بنانے اور اس کی بحالی میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ملک میں آمریت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد میں بار کے کردار بھی سراہا۔

مزید :

صفحہ اول -