انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے نتائج100فیصد درست ہیں،چیئرمین ڈاکٹر ظریف

انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے نتائج100فیصد درست ہیں،چیئرمین ڈاکٹر ظریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(نیوز رپورٹر) راولپنڈی بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجو کیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظریف بھٹی نے کہا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ون امتحان 2016ء کے نتائج 100 فیصد درست ہیں، بعض طالب علموں کی جانب سے احتجاج پر تین الگ الگ کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جو ری چیکنگ کے کیسسز کو سنیں گی۔ منگل کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر ظریف بھٹی نے کہا ہے کہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے ہمیشہ کی طرح 2016ء کے انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون) کے امتحانات کے نتائج بھی شفاف طریقے سے اور میرٹ کے عین مطابق تیار کیے ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز طالب علموں کی جانب سے احتجاج اور ان کے اطمینان کیلئے میں نے اپنی نگرانی میں تین الگ الگ کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جو انٹر میڈیٹ پارٹ ون کے امتحانات کی ری چیکنگ کے کیسسز سنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جن طلبہ و طالبات کو انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون 2016) نتائج کے حوالے کسی قسم کا ابہام ہے تو اپنے تعلیمی اداروں کے ذریعے پیپر ری چیکنگ اور فیس معافی کی درخواستیں راولپنڈی تعلیمی بورڈ کو ارسال کریں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ انٹرمیڈیٹ پارٹ ون امتحان 2016ء کے پرچوں کی ری چیکنگ بغیر کسی فیس کے ہوگی۔ تاہم طلبہ و طالبات کو اس حوالے سے طے کردہ قواعد و ضوابط پورے کرنا ہوں گے۔