کوک اسٹوڈیو ،سماعت سے محروم افراد لطف اندوز ہونے کیلئے مدعو

کوک اسٹوڈیو ،سماعت سے محروم افراد لطف اندوز ہونے کیلئے مدعو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9میں سب سے بڑے اور سب سے بھرپور فنالے کے بعد کوکا۔کولا نے سماعت سے محروم افراد کو سیزن 9 کی موسیقی سے روشناس کرانے کے لئے باقاعدہ مدعو کیا ہے۔ اس حوالے سے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9کے آغاز سے قبل جولائی میں جدید ٹیکنالوجی سے مزین آزمائشی پروجیکٹ (Coke Studio for Deaf)کے ذریعے ایک شاندار ویڈیو متعارف کرائی گئی تھی ۔اب یہ ٹیکنالوجی ڈیف ریچ اسکول کے کراچی کیمپس میں موجود ہے تاکہ سماعت سے محروم تمام افراد بھی اس سے لطف اندوز ہوں۔ اس بڑی پیش رفت کے بارے میں کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے بتایا، 'کوک اسٹوڈیو کا فلسفہ رکاوٹوں کو عبور کرنے اور فاصلوں کو مٹانے کے گرد گھومتا ہے۔ گزشتہ 9 سیزنوں میں ہم نے جنریشن، کلچرل، صنفی ، عمر اور جغرافیائی اعتبار سے خلاء کو ختم کیاہے۔ گزشتہ سال ہمیں احساس ہوا کہ پاکستان میں 90 لاکھ افراد کو سماعت سے محرومی کا سامنا ہے اور وہ ابھی تک کوک اسٹوڈیو کے جادو سے روشناس نہیں ہوئے۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ میوزک ایک احساس ہے اور ہر ایک کو اسے محسوس کرنا چاہیے۔ اس لئے ہم نے کوک اسٹوڈیو فار ڈیف کے نام سے ایک منفرد ٹیکنالوجی تیار کی اور ڈیف ریچ پروگرام کے ساتھ اشتراک میں یہ نظام اب اسکے کیمپس میں لگایا گیا ہے تاکہ سماعت سے محروم تمام افراد بھی اس منفرد اقدام کے ذریعے میوزک سے محظوظ ہوسکیں۔'یہ نظام رواں سال چین میں ایجاد ہوا، اسے آزمائشی طور پر بینکاک میں نصب کیا گیا جہاں پہلی بار کوکا۔کولا کی برانڈ ٹیم نے اس کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ اس ضمن میں آزمائش کے لئے ڈیف ریچ اسکول کی فیکلٹی اور آٹھ طالب علموں کے گروپ کو بینکاک لے جایا گیا۔ ان کے تجربات بہترین رہے جس میں گروپ کے ارکان اپنی زندگی میں پہلی بار کوک اسٹوڈیو سے محظوظ ہوئے۔ اس شاندار کامیابی کی بنیاد پر کوکا۔کولا پاکستان نے ملک میں اس جدید ترین نظام کو لانے کا فیصلہ کیا جس کا ویژن یہ ہے کہ سماعت سے محروم تمام افراد کو کوک اسٹوڈیو کی میوزک سے محظوظ کیا جائے۔ ڈیف ریچ پروگرام کے کراچی کیمپس میں نصب اس اسٹوڈیو جیسے منفرد نظام کی خاص بات یہ ہے کہ سماعت سے محروم افراد کو کوک اسٹوڈیو کی موسیقی کو محسوس اور روشناس کرانے کے لئے ایک خصوصی صوفہ تیار کیا گیا ہے جس کے ساتھ سینکڑوں ارتعاشی انجنوں اور ایل ای ڈی لائٹس گانے کی آواز کے ساتھ منسلک کی گئی ہیں۔ اس صوفے کے گرد ایک بڑی ایل ای ڈی نصب ہے جو موڈ لائٹنگ کے استعمال میں بصری طور پر اضافے کا امتزاج فراہم کرتا ہے۔ آخر میں صوفے کے سامنے ایک ایل ای ڈی اسکرین پر ویڈیو چلائی جاتی ہے جبکہ اسٹوڈیو میں اسٹینڈز پر گٹار، ٹیبل اور کوک اسٹوڈیو کی تصاویر سے مجموعی طور پر ماحول میں اضافہ محسوس ہوتا ہے ۔