محنت کے پھل میں مٹھاس بھرنے کیلئے اللہ کی طرف رجوع ضروری ہے: اینکر پرسن کاشف ملک

محنت کے پھل میں مٹھاس بھرنے کیلئے اللہ کی طرف رجوع ضروری ہے: اینکر پرسن کاشف ...
محنت کے پھل میں مٹھاس بھرنے کیلئے اللہ کی طرف رجوع ضروری ہے: اینکر پرسن کاشف ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ریڈیو جوکی و اینکر پرسن کاشف جاوید ملک نے کہا ہے کہ انسان کو محنت کا پھل ضرور ملتا ہے لیکن اس پھل میں مٹھاس بھرنے کیلئے اللہ کی طرف رجوع کرنا پڑتا ہے۔
نجی ٹی وی رائل نیوز کے بہت جلد آنے والے نئے پروگرام ’ تعارف‘ کی ریکارڈنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کاشف ملک کا کہنا تھا کہ اینکر بننے کے خواہشمند نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پریکٹس کریں۔ صرف موسیقی میں ہی سر نہیں لگائے جاتے بلکہ خبریں پڑھنا بھی ایک باقاعدہ فن ہے اور یہ بھی سروں پرہی پڑھی جاتی ہیں۔ آپ کے سر جتنے پختہ اور اچھے ہوں گے آپ اتنے ہی بہتر نیوز کاسٹر بن سکتے ہیں۔بہترین انداز میں خبریں پڑھنے اور براہ راست نشریات کے دوران غلطیوں سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پریکٹس ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی کام میں ترقی کرنے کیلئے سب سے پہلی اور اہم چیز اس کام کیلئے بھرپور محنت کے ساتھ تربیت کرنا ہے لیکن صرف محنت سے ہی کام نہیں بنتا بلکہ ترقی پانے کیلئے اللہ سے منظوری بھی لینی پڑتی ہے۔ جب اللہ کی جانب سے آپ کے حق میں کوئی فیصلہ ہو جائے تو اسے کوئی بھی نہیں بدل سکتا۔ بعض اوقات انسان محنت کے باوجود اپنے اہداف کے حصول میں ناکام رہنے کی وجہ سے مایوس ہو جاتا ہے حالانکہ اس میں مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے۔ کیونکہ جب آپ کو محنت کے باوجود کچھ نہیں مل رہا ہوتا تو اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ آپ کو محروم کردیا گیا ہے بلکہ آپ کیلئے اس سے بہتر پلاننگ کی جا رہی ہوتی ہے۔
کاشف ملک کا کہنا تھا کہ مسلسل محنت اور بہت سی جگہوں کے دھکے کھانا بھی سیکھنے کے عمل کا ایک حصہ ہے کیونکہ اس عمل کے ذریعے اللہ کی جانب سے ہماری خصوصی تربیت کی جا رہی ہوتی ہے اور ہمیں کندن بنایا جا رہا ہوتا ہے۔ انسان کو بعض فیصلے اللہ پر بھی چھوڑ دینے چاہئیں کیونکہ اللہ جو بھی فیصلہ کرتا ہے وہ سب سے بہترین ہوتا ہے۔

مزید :

لاہور -