عمران خان کی دعوت پرچینی سفیر نے ان سے ملاقات کی: چینی سفارتخانہ ذرائع

عمران خان کی دعوت پرچینی سفیر نے ان سے ملاقات کی: چینی سفارتخانہ ذرائع
 عمران خان کی دعوت پرچینی سفیر نے ان سے ملاقات کی: چینی سفارتخانہ ذرائع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( آئی این پی ) پاکستان میں چین کے سفیر سن و ی ڈونگ نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران انہیں آگاہ کیا کہ ان کا ملک، چین پاکستان اقتصادی راہدری ( سی پیک ) منصوبے جو پورے ملک کے عوام کو مساوی فوائد پہنچائے گا، کے ذریعے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال طور پر حصہ لے رہاہے ۔ بدھ کو چینی سفیر اور عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر تبصرہ کے لئے جب رابطہ کیا گیا تو سفارتخانے کے ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی دعوت پرچینی سفیر نے ان سے ملاقات کی ،چینی سفیر نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عمران خان کو یقین دلایا کہ سی پیک عظیم اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے باہمی رابطہ سازی ،لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اورمعاشی و تجارتی باہمی رابطوں کو عملی طور پر فروغ دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کا مقصد بلحاظ مجموعی پاکستان کے سماجی و اقتصادی مفادات کو تقویت پہنچانا ہے ، کے پی کے کے علاقوں سمیت تمام علاقے اس سےمستفید ہوں گے ۔ملاقات کے حوالے سے مزید معلومات کے لئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ چینی سفیر نے کے پی کے میں شروع کئے جانیوالے مخصوص منصوبوں کا ذکر کیا اور اس امر کو واضح کیا کہ گوادر تک جانے والا مغربی روٹ یقینا سی پیک کا حصہ ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات سی پیک کے حوالے سے بنیادی حقائق کو مزید واضح کرنے میں مددگار ہوگی ۔ چینی حکومت کی طرف سے متعدد مرتبہ یہ بتایاگیا ہے کہ سی پیک چینی اور پاکستانی حکومتوں کے مابین اہم اتفاق رائے کا نتیجہ ہے ، پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں سی پیک کی منصوبہ بندی اور زیر تعمیر منصوبوں کے حوالے سے مزید مشاورت اور رابطے میں ہیں ۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین سی پیک کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کو سراہتا ہے اور اسے امید ہے کہ حکومتی اور سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاق رائے سماجی واقتصادی شراکت داری کو نئی بلندی پر لے جانے کیلئے انتہائی تقویت کا سبب ہو گی ۔انہوں نے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ پاکستان کا قریبی اور مخلص دوست ہونے کے ناطے چین امید کرتا ہے کہ پاکستان استحکام ، تعمیروترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرے ، چین پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے اپنی استعداد کار کے مطابق پاکستانی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا ،چین مساوی نتائج اور مشترکہ تقدیر پر یقین رکھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ موجوددہائیوں پرانی شراکت داری عوام کے لئے فائدہ مند ہے،12نومبر 2015ء کو سی پیک کی مشترکہ تعان کمیٹی (جے سی سی ) کے پانچویں اجلاس میں’’'متعدد راستوں کے ساتھ ایک راہداری‘‘ کے اصول کی منظوری دی گئی ، جس کا مقصد پاکستان کی بالخصوص مغربی و شمالی مغربی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو براہ راست فائدہ پہنچانا اور گوادر پورٹ تک موثر رابطہ فراہم کرنا ہے ، پانچویں جے سی سی میں منظور کئے جانیوالے ٹرانسپورٹ پلان کے مونو گرافک جائزے میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ برہان ، ڈی آئی خان، کوئٹہ، سراب سیکشن سی پیک کے اہم رابطہ پوائنٹس کے درمیان اشد ضروری رابطے فراہم کرے گا اورپاکستان کے مغربی علاقوں کو ملائے گا ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -