وقتی تفریح کی بجائے اعلیٰ اقدار عوام تک پہنچا ئی جائیں، عبدالحمید قاضی

لاہور(فلم رپورٹر)ہمیں سوچنے سمجھنے والی توانائی کو سلب کرنے والے محرکات کا قلع قمع کرنا ہوگا، آج سماج کو تقریروں کی نہیں مکالمے کی ضرورت ہے،گوشہ گیان فکر اور نئی سوچ ترتیب دینے کا وسیلہ ہے،وقتی تفریح سے بہتر ہے کہ اعلیٰ اقدار کو عوام تک پہنچا یا جائے۔ان خیالات کو اظہار جنرل منیجر پاکستان ٹیلی وژن عبدالحمید قاضی نے لاہورآرٹس کونسل الحمراء کے زیر اہتمام منعقدہ ’’گوشہ گیان‘‘ کی 20ویں نشست میں کیا۔ہمیں اپنے رویوں کو آلودگی سے پاک کرنا ہوگا،ہماری ثقافت عالمی جعلی قدروں کے دباؤ کو برداشت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، موضوع جتنا سطحی ہوگا اسکی عمر اتنی ہی کم ہوگی۔انھوں نے اپنی زندگی کا نچوڑ حاضرین کے سامنے پیش کیا اور سننے والوں کے لئے زندگی کو کامیابی کی طرف لے کر جانے والی گفتگو کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) آفتاب احمد انصاری نے کہا کہ گوشہ گیان کی ہر نشست افراد کو زندگی کی حقیقتو ں اور سچائیوں سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔
جو کہ الحمراء آرٹس کونسل کے اہم اقدا م کا عکاس ہے۔نامور فلم ڈائریکٹر حسن عسکری نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم جس بھی حیثیت سے معاشرے کے رکن ہو ہمیں اپنے ملک وقوم کی نیک نامی کے لئے فکر مند ہونا چاہئے۔ کو آرڑی نیٹر نیاز حسین لکھویرا نے تقریب کی نظامت نہایت تجربہ کاری سے انجام دی اور گوشہ گیان کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔جنرل مینجر پاکستان ٹیلی ویڑن عبد الحمید قاضی کے سامعین کے سوالات کے جواب دیئے۔